• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کو کارروائی سے روکنے کی اسکولوں کی استدعا مسترد


اسکول مالکان نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا، عدالتِ عالیہ نے سندھ حکومت کو کارروائی سے روکنے کی اسکول انتظامیہ کی استدعا مسترد کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت اور دیگر کو 3 جون تک کے لیے نوٹس جاری کر دیے اور آئندہ سماعت پر فریقین سے دلائل طلب کر لیے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت نے تمام اسکولوں کو 20 فیصد رعایت دینے کا پابند کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے یہ بھی نہیں دیکھا کہ اسکول فائدے میں ہیں یا نقصان میں، اسکول فیس میں 20 فیصد رعایت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

اسکول انتظامیہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سندھ حکومت کو اسکولوں کی انتظامیہ کے خلاف کسی قسم کی کارروائی سے روکا جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ تعطیلات کے دوران سندھ حکومت اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ایکشن تب ہوگا جب اسکول مالکان فیس کے چالان جاری کریں گے یا بچوں کو اسکول سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چھٹیوں کے دوران اگر اسکول کھولے گئے تو کارروائی بھی ہوگی، وباء کے دوران اسکول تو بند ہیں اور نہ ہی فیس کے چالان دیے جا رہے ہوں گے؟

یہ بھی پڑھیئے: اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کا معاملہ، سماعت ملتوی

ارشد طیب علی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ہم بچوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے تعلیم دے رہے ہیں۔

ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز ایجوکیشن نے سوال کیا کہ اسکول انتظامیہ اساتذہ کو تنخواہ نہیں دے گی تو بھی ان کے خلاف کارروائی ہوگی؟

اسکول انتظامیہ کے وکیل نے کہا کہ تنخواہ دینا یا نہ دینا اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کا ذاتی مسئلہ ہے۔

عدالتِ عالیہ نے سندھ حکومت کو کارروائی سے روکنے کی اسکول انتظامیہ کی استدعا مسترد کر دی۔

تازہ ترین