• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی مہنگی، ایکسپورٹ کرنے والوں کا ذکر رپورٹ میں نہیں، ملک احمد خان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ چینی مہنگی کرنے اور دس لاکھ ٹن تک چینی برآمد کرنے والوں کا ذکر چینی انکوائری رپورٹ سے غائب ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ چینی بحران پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے سبسڈی دی لیکن کسی ذمہ دار کا تعین نہیں کیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت میں بھی سبسڈی دینے پر کسی ذمہ دار کا تعین نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چینی سے متعلق رپورٹ میں ان ذمہ داروں کا تعین کرنا تھا جو نہیں کیا گیا۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو جن لوگوں نے غلط رپورٹ دی کیا ان کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی؟ 

انہوں نے کہا کہ بیس روپے فی کلو چینی مہنگی کی گئی، ایک ملین ٹن ایکسپورٹ کی گئی اس کا ذکر رپورٹ میں نہیں ہے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ ایف بی آر کے افسران دو سال سے شوگر ملز کے معاملات دیکھ رہے ہیں، انہوں نے ڈبل ریکارڈ کا کبھی ذکر ہی نہیں کیا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک ملین ٹن سرپلس کہ کر چینی ایکسپورٹ کی گئی ان کا رپورٹ میں کوئی ذکر نہیں۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن کا واحد معاملہ ایک ملین ٹن چینی کی اپکسپورٹ پر سبسڈی کی تحقیقات تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی حکومت میں نہ گنے کی قیمت کم کی گئی نہ چینی کی قیمت بڑھنے دی گئی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ چینی سبسڈی انکوائری کمیشن کی سمت تبدیل کی گئی ہے۔

تازہ ترین