• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا نے24 گھنٹوں میں 4 ڈاکٹروں کی جان لےلی

سرکاری اسپتالوں کے کئی ڈاکٹر کورونا سے متاثر


کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے سرکاری اسپتالوں کے کئی ڈاکٹرز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، کورونا وائرس نے 24 گھنٹوں میں 4 ڈاکٹروں کی جان لےلی۔

لاہور کے نجی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر ثنا فاطمہ، گوجرانوالا میں سینیر ماہر نفسیات ڈاکٹر نعیم اختر کورونا سے جنگ ہار گئے۔

خیبر پختونخوا میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خانزادہ انتقال کرگئے اور کوئٹہ میں بھی بی ایم سی ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر زبیر احمد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:’میت سے زندہ انسانوں میں کورونا منتقلی کے شواہد نہیں ملے‘

جنرل اسپتال لاہور کے ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین کورونا سے متاثرہونے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے، فیصل آباد کےسرکاری اسپتالوں کے پچاس ڈاکٹرزسمیت طبی عملے کے انسٹھ افراد بھی کورونا کے مریض بن گئے ہیں ۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کئی ڈاکٹرز گھروں میں قرنطینہ ہیں، جس کی وجہ سے ان کے اہلخانہ بھی متاثر ہوسکتے ہیں لہٰذا متاثرہ ڈاکٹروں کے لئے اسپتال میں الگ قرنطینہ قائم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب: آرتھرائٹس کے انجکشن سے کورونا مریض صحت یاب

 لاہورمیں ینگ ڈاکٹرزنے آئسولیشن روم فراہم نہ کرنے پراو پی ڈیز میں کام نہ کرنے کی دھمکی دے دی۔

ینگ ڈاکٹرز  نے کہا کہ نوّے سے زائد ڈاکٹراور دس سے زائد نرسیں کورونا سے متاثر ہوچکی ہیں، شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ غلط تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا کے مریضوں اور اُن کی اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ظفر مرزا نے کہا کہ اس وقت ایک سو ستاون افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس سے ایک دن میں سب سے زیادہ ستاون افراد جان سے چلے گئے ہیں۔

تازہ ترین