• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گِل وفاقی وزیراطلاعات بننے کی کوشش میں ہیں : طلال چوہدری

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل ‎قائد حزب اختلاف شہبازشریف کیخلاف بیان دے کر وفاقی وزیر اطلاعات بننے کی کوشش میں ہیں۔

طلال چوہدری نے شہبازگل کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گِل سے سوال کچھ بھی کیا جائے جواب نوازشریف شہبازشریف ہی آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گِل سے پوچھا جاتا ہے کہ اسلام آباد کے اسپتال عارضی نظام پرکیوں چل رہےہیں، جواب نوازشریف شہبازشریف،  پوچھا ڈی جی ہیلتھ عارضی چارج پرکیوں ہے، جواب نوازشریف شہبازشریف۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پوچھا جاتا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی عارضی چارج پرکیوں ہے، جواب میں نوازشریف ، شہبازشریف ہی کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گِل اب یہ نہ کہہ دیں پی کے ایل آئی شہباز شریف نےنہیں عمران نیازی نےبنایا، جدید ترین پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری شہباز نہیں عمران نیازی نے بنائی۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازگل یہ نہ کہہ دیں کہ قلب اورگردوں کے اسپتال سمیت پنجاب میں 56 اسپتال اور ڈی ایچ کیوز شہباز شریف نے نہیں، عمران نیازی نے بنائے۔

اس سے قبل شہباز گِل کا اپنے بیان میں سوال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کو مستعفی ہوجانا چاہیے ملک کا واحد اسپیشلائزڈ کینسر اسپتال بنانے اور75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کرنے پر؟

اُن کا کہنا تھا کہ 2سال میں کوئی ذہنی اسپتال نا بناسکنے پرجس میں مریم اورنگزیب کا چیک اپ ہوسکے؟

شہباز گل نے کہا ہے کہ ن لیگ صحت کا تباہ حال نظام چھوڑ جانے کا ذمہ دار موجودہ حکومت کو ٹھہرا رہی ہے۔

تازہ ترین