• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی کی قیمتوں میں اضافہ پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ چیلنج

پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین سمیت 17 ملز مالکان اور شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پرانکوائری کمیشن کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیشن نے رپورٹ کی تیاری میں اپنے آئینی اختیاز سے تجاوز کیا، حکومتی اداروں کو انکوائری کمیشن رپورٹ کی روشنی میں شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روکا جائے۔

 شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کیس کی سماعت کریں گے۔

درخواست میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ کالعدم قرار دینے اور حکومت کو کارروائی سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیشن نے رپورٹ کی تیاری میں آئینی اختیار سے تجاوز کیا۔

شوگر ملز ایسو سی ایشن کی درخواست میں کہا گیا کہ انکوائری متعصبانہ، امتیازی اور غیر قانونی ہے اور انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں نتائج اور سفارشات قانونی مینڈیٹ سے باہر ہیں۔

درخواست گزار نے کہا کہ انکوائری کمیشن کے پاس شوگر ملز کا فرانزک آڈٹ کرانے کا اختیار نہیں تھا، جبکہ فرانزک آڈٹ کے لیے بھی صرف چند شوگر ملز کو منتخب کیا گیا۔

شوگر ملز ایسو سی ایشن کی درخواست میں کہا گیا کہ انکوائری کے دوران مرزا شہزاد اکبر کا کردار انتہائی منفی رہا اور انکوائری متعصب ذہن کے ساتھ کی گئی ہے، جبکہ رپورٹ کا مقصد بدنام کرنا تھا۔

درخواست گزار نے کہا کہ کمیشن نے تحقیقات کرتے ہوئے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے، حکومت اور تمام اداروں کوانکوائری کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی سےروکاجائے۔

تازہ ترین