• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانیوں میں مغربی ناشتہ بھی بے حد مقبول

ہم نے گزشتہ ہفتے انسانی صحت کے لیے ناشتہ کی اہمیت کے پیشِ نظر ملک میں کیے جانے والے دیسی ناشتہ کی ریسیپیز قارئین کی نذر کی تھیں۔ آج ہم آپ کی خدمت میں مغربی ناشتہ کی کچھ تراکیب پیش کررہے ہیں۔ دنیا بھر میں ناشتہ دن کی خوراک کا ضروری حصہ گردانا جاتا ہے۔ ساری رات خالی پیٹ رہنے کے بعد صبح کا ناشتہ جسمانی قوت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے لوگ اپنی اپنی پسند اور ذوق کے مطابق ناشتہ کرتے ہیں، ہمارے ملک میں بھی انواع و اقسام کی چیزیں کھائی جاتی ہیں اور آجکل تومغربی طرز کا ناشتہ بھی خوب شوق سے کیا جارہا ہے۔ 

اکثر لوگ چاہتے ہیں کہ وہ صرف پاکستانی ہی نہیں مغربی ناشتہ سے بھی بھرپور لطف اُٹھائیں کیونکہ ہر روز گھر میں روایتی ناشتہ کرتے کرتے لوگ بعض اوقات بیزار بھی آجاتے ہیں اور یقیناً وہ اپنے معمول میں کچھ تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ مغربی ناشتے میں مختلف طرح کے انڈے، سوسجز، چائے، کافی ، بینز اور پین کیک کھائے جاتے ہیں، یہ ایسی ڈشز ہیں جو اپنے ذائقے کی بنا پر پوری دنیا میں مقبول ہیں۔ ہمارے ہاں اب کئی طرح کے انڈے بھی بہت پسند کیے جانے لگے ہیں۔ ان نئے ناشتوں کی چند تراکیب ملاحظہ کریں۔

اسکر مبلڈ ایگز

درکار اجزاء:

انڈے۔ چھ عدد

ڈبل روٹی۔ سلائس چار عدد

کریم۔ آدھا کپ

نمک ۔حسب ذائقہ

ترکیب:

ایک پیالے میں انڈے، نمک اور کریم ڈال کر پھینٹ لیں۔ پھر اس کو فرائی پین میں ڈال کر پکائیں اور مکس کرتے رہیں،خیال رہے کہ اسے زیادہ نہ پکائیں۔ پھر ڈبل روٹی کے سلائس کو گرل پین پر گرم کرکے پیش کریں۔

ہرب آملیٹ مشرومز کے ساتھ

درکار اجزاء:

زیتون کا تیل۔ دو کھانے کے چمچ

مشروم ۔آدھا کپ ﴿سلائسز

نمک۔ حسب ذائقہ

کالی مرچ پاؤڈر ۔حسب ذائقہ

انڈے۔ دو عدد

اٹالین ہرب۔ ایک چوتھائی کھانے کا چمچ

ہلدی۔ چٹکی بھر

کریم ۔آدھا کھانے کا چمچ

پارسلے۔ آدھا کھانے کا چمچ ﴿باریک کٹے ہوئے

تلسی کے پتے۔ گارنشگ کے لیے

ترکیب:

آدھے زیتون کے تیل میں مشرومز کو نمک اور کالی مرچ ڈال کر ہلکا فرائی کرلیں۔ انڈوں میں اٹالین ہرب، ہلدی، کریم، نمک اور آدھے پارسلے ڈال کر پھینٹ لیں۔ بقیہ زیتون کا تیل گرم کرکے اس میں انڈے ڈالیں۔ ایک سائیڈ سے پک جائیں تو پلٹ کر دوسری سائیڈ سے پکاکر فولڈ کرلیں۔ تیار ہونے پر فرائیڈ مشرومز ڈال کر بقیہ پارسلے چھڑکیں اور تلسی کے پتوں سے سجا کر پیش کریں۔

اسپینش آملیٹ

درکار اجزاء:

انڈے کی سفیدی۔ 3 عدد

چکن۔ 250 گرام

زیتون ۔ 4 کھانے کے چمچ

موزریلا چیز۔ حسب ضرورت

لیموں۔ 2 عدد

لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

اوریگانو۔ آدھا چائے کا چمچ

تھائم۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

کالی مرچ۔ حسب ذائقہ

ہرا دھنیا، ہری مرچ اور پودینہ۔ گارنشنگ کے لیے

ترکیب:

انڈے کی سفیدی کو اچھی طرح پھینٹ لیں کہ اس میں ہوا بھر جائے۔ پھر اس میں لال مرچ، تھائم، اوریگانواور نمک ڈال کے مکس کریں۔ چکن کو نمک اور لیموں کے رس کے ساتھ فرائی کرلیں۔ فرائنگ پین میں تھوڑا سا تیل ڈال کے ہلکی آنچ پر گرم کریں اور اس میں مکسچر پھیلا دیں،اوپر زیتون، چکن اور لیموں چھڑک کے سائیڈ بدل دیں۔ پلیٹ میں نکال لیںاور اُوپر موزریلا چیز کے ٹکرے ڈال کے اسے پری ہیٹ اوون میں فل ہیٹ پر دو منٹ کے لیے رکھیں۔ اس کے بعد ہرا دھنیا، ہری مرچ اور پودینہ سے گارنش کرکے پیش کریں۔

ٹریفک لائٹ اسکر مبلڈ ایگز

درکار اجزاء:

انڈے ۔چھ عدد

پانی ۔تین کھانے کے چمچ

کریم۔ دو کھانے کے چمچ

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

تیل ۔ایک چوتھائی کپ

پیاز۔ ایک عدد (کَٹی ہوئی)

شملہ مرچ۔ ایک عدد (کیوبز میں کٹی ہوئی)

سوئیٹ کارن ۔دو کھانے کے چمچ

ٹماٹر۔ ایک عدد (کیوبز میں کٹا ہوا)

ترکیب:

ایک پیالے میں انڈے، پانی، کریم، نمک اور کالی مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ پھرایک برتن میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز، شملہ مرچ، سوئیٹ کارن اور ٹماٹر ڈال کر نرم ہوجانے تک فرائی کرلیں۔ اب اس میں پھینٹے ہوئے انڈے ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ انڈے اچھی طرح پک جائیں تو چولہے سے اتار لیں۔ اور ٹوسٹ کی ہوئی بریڈ سلائس کے ساتھ پیش کریں۔

اسٹفڈ ایگ

درکار اجزاء:

انڈے۔ چھ عدد (سخت اْبلے )

وائٹ سوس۔ آدھا کپ

شملہ مرچ۔ ایک عدد (باریک کٹی)

گاجر۔ ایک عدد (باریک کٹی)

کالی مرچ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

بریڈ کرمز۔ حسب ضرورت

انڈہ (کچا)۔ ایک عدد

تیل۔ فرائی کرنے کیلئے

ترکیب:

اْبلے ہوئے انڈوں کے دو حصے کر کے زردی الگ کر لیں۔ زردیوں میں وائٹ سوس، شملہ مرچ، گاجر ، نمک اورکالی مرچ پاؤڈر مکس کریں۔ اب انڈے کی سفیدی کو اس مکسچر سے ڈھانپ دیں۔ اب ایک انڈہ پھینٹ کر اس میں ڈپ کریں اور پھر بریڈ کرمز لگاکر فریج میں دس منٹ کیلئے رکھ دیں۔ اس کے بعد فریج سے نکال کر ڈیپ یا شیلو فرائی کرلیں اور کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

لیمن آملیٹ سوفلے

درکار اجزاء:

انڈوں کی زردی۔ چھ عدد

انڈوں کی سفیدی۔ آٹھ عدد

لیموں کے چھلکے۔چار

شکر۔ ایک پاؤ

مکھن ۔تھوڑا سا

ترکیب:

سب سے پہلے انڈوں کی زردی اور شکر ملا کر خوب پھینٹ لیں تاکہ آمیزہ گاڑھا ہو جائے۔ پھر انڈوں کی سفیدی بھی پھینٹ کر برف کی طرح کرلیں۔ سفیدی اور زردی کو آپس میں ملا دیں۔لیموں کے چھلکے بھی ملا دیں۔اوون پروف ڈش کی تہہ میں چکنا کاغذ لگائیں۔اس پر آمیزہ انڈیل دیں۔گرم اوون میں ڈش چھ منٹ کے لیے رکھ دیں۔آملیٹ کو آنچ سے ہٹا کے ٹھنڈا کرلیں۔برتن میں نکال کر دائروں کی شکل میں کاٹ کر اوپر مکھن لگا کر پیش کریں۔

بیکڈ بینز

درکار اجزاء:

بینز۔ پانچ سو گرام

زیتون کا تیل۔ ایک کھانے کا چمچ

سوسجز۔ دو عدد

پیاز ۔آدھی کٹی ہوئی

لہسن ۔چار جوے کٹا ہوا

روز میری۔ ایک کھانے کا چمچ

کٹی ہوئی لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ

شہد۔ دو کھانے کا چمچ

ٹماٹر پیسٹ۔ ایک چوتھائی کپ

ٹماٹو سوس۔ پندرہ اونس

چکن یخنی۔ دو کپ

نمک ۔حسب ذائقہ

پارسلے۔ آدھا کپ کٹے ہوئے

سرکہ۔ دو کھانے کا چمچ

ترکیب:

بینز کو رات بھر پانی میں بھگوئیں اور اگلے دن ابال لیں ۔پین میں تیل گرم کر کے آدھی پیاز اور سوسجز کوہلکاسا پکا لیں۔ اس میں کٹا لہسن، کٹی لال مرچ اور روز میری ڈال کر ایک سے دو منٹ پکا لیں۔ پھر شہد ، ٹماٹر کا پیسٹ، ٹماٹو سوس اور یخنی ڈال کر ہلکا سا پکا لیں اور بینز کو شامل کر لیں۔ اب ڈھک کر دم پر پکنے دیں اور پیش کرتے وقت پارسلے اور سرکہ ڈال دیں۔

ایشین سوسجز

درکار اجزاء:

قیمہ۔ آدھا کلو

بریڈ کرم۔ ایک چوتھائی کپ

انڈہ۔ ایک عدد

گرم مسالہ۔ ایک عدد

نمک۔ ایک کھانے کا چمچہ

لال مرچ پاؤڈر۔ حسب ذائقہ

دہی۔ ایک چائے کا چمچہ

پیاز، مرچ، ہرا دھنیا۔ ایک چائے کا چمچہ(باریک کٹاہوا)

ٹماٹو سوس۔ ایک کھانے کاچمچ

چھوٹا آلو۔ ایک عدد(ابال کر کچل لیں)

تیل۔ فرائی کرنے کے لئے

ترکیب:

ایک پیالے میں قیمہ ڈالیں۔ اس میں تمام اجزاء سوائے تیل کے اچھی طرح مکس کر دیں اور ایک گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ اب اس مکسچر سے لمبے لمبے سوسجز بنا لیں۔ پھر ایک فرائنگ پین میں تیل گرم کر یں اور ان سوسجز کو فرائی کرکے نکال لیں۔ کیچپ چٹنی اور انڈے کے ساتھ پیش کر یں۔

پین کیک

پین کیک عام کیک کی طرح گول مگر پتلے ہوتے ہیں، ان کو فرائینگ پین میں تیار کیا جاتا ہے۔ پین کیک بنانے میں انڈے،مکھن اور دودھ استعمال ہوتا ہے۔ ان کو فرائی بھی تیل یا پھرمکھن میں کیا جاتا ہے۔آثار قریمہ سے پتہ چلا ہے کہ پین کیک قبل از تاریخ میں سب سے زیادہ کھائے جانے والے اناج کا حصہ تھے۔ پین کیک آج بھی مغربی دنیا میں ناشتے کا خاص حصہ سمجھے جاتے ہیں کیونکہ ان کی تیاری میں استعمال کیے جانےوالے اجزاء جیسے کہ انڈا ،دودھ اور مکھن سارا دن کام کاج انجام دینے میں مکمل پروٹین اور توانائی فراہم کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں پین کیک دن میں کسی بھی وقت کھائے جاسکتے ہیں۔ مگر امریکا میں ان کو صرف ناشتے کا حصہ گردانا جاتا ہے۔ پین کیک کے درمیان میں پسند کے مطابق جام،چیز کریم،چاکلیٹ چپ،سیرپس،گوشت ، پھل اور سبزیاں وغیرہ بھری جاتی ہیں۔ پین کیک پاکستان میں بھی یکساں مقبول ہو گئے ہیں۔ 

ناشتے اور دن میں کسی بھی وقت لوگ پین کیک کھانا پسند کرتے ہیں۔ خواتین گھر میں بھی پین کیک بآسانی تیار کر سکتی ہیں۔ پین کیک کے لیے استعمال ہونے والے اجزاء ہماری روزمرہ خوراک کا حصہ ہیں مگر جب ان کو پین کیک کی صورت میں مختلف انداز میں بنایا جائےگا تو ان کا مزہ اور بڑھ جائے گا جبکہ گھر والوں کے لیے بھی ایک نئی ڈش ہو گی ۔مختلف خوش ذائقہ پین کیک کی ریسیپیز توجہ فرمائیں۔

پین کیک کی عام ریسیپی

درکار اجزاء:

میدہ۔ ایک پیالی

چینی۔ ایک چٹکی

نمک۔ ایک چٹکی

انڈہ۔ ایک عدد

دودھ یا پانی ۔ایک پیالی

تیل یا گھی۔ چار سے چھ کھانے کے چمچ

ترکیب۔

میدے میں نمک ملا کر چھان لیں۔ دودھ، انڈہ شامل کرکے اچھی طرح ملا لیں ۔مکسچر نہ زیادہ گاڑھا ہو نہ پتلا، پھر اس میں چینی بھی ڈال دیں۔ فرائنگ پین کو تیل سے اچھی طرح چکنا کر کے ہلکی آنچ پر گرم کر یں۔ درمیانے سائز کی پیالی میں آمیزہ لے کر فرائنگ پین میں ڈالیں۔ ہینڈل پکڑ کر گھماتے رہیں تاکہ آمیزہ برابر آجائے۔ ہلکی آنچ پر پکنے دیں جب کناروں سے چھوڑنے لگے تو صاف برتن میں اتارلیں۔ اس کو شہد ، مختلف قسم کے جام اور شیرے میں پکے تازہ پھل کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔

سویٹ پین کیک رولز

درکار اجزاء:

پین کیک کے لیے:

میدہ ۔ڈیڑھ پیالی

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

انڈے۔ دو عدد

پانی۔ ایک پیالی

بھرنے کے لیے:

تازہ ناریل۔ دو پیالی (کدوکش کیا ہوا)

چینی۔ چار کھانے کے چمچ

بادام ۔آدھی پیالی (چوپ کیا ہوا)

پستے ۔آدھی پیالی (چوپ کیا ہوا)

الائچی۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

دودھ ۔تین کھانے کے چمچ

ترکیب:

ایک دیگچی میں ناریل، چینی، بادام، پستے، الائچی اور دودھ ڈال کر ملائیں۔ چند سیکنڈ پکائیں اور چولہا بند کرکے اسے ٹھنڈا کرلیں۔ پین کیک آمیزہ تیار کرنے کے لیے میدہ، انڈے، نمک اور پانی ڈال کر پتلا آمیزہ بنالیں۔ اسے چھلنی کی مدد سے چھان لیں۔ نان اسٹک فرائینگ پین کو تیل سے چکنا کریں۔ 

مانڈہ پٹی بنانے کے لیے گہرے چمچ کی مدد سے آمیزہ اس میں شامل کریں۔ اضافی آمیزہ واپس پلٹیں اور جب مانڈہ پٹی تیار ہو جائے تو اُتار لیں۔ اس عمل کو دہراتے ہوئے باقی مانڈہ پٹیاں بھی تیار کر لیں۔ ناریل کا آمیزہ پٹیوں کے ایک جانب رکھیں اور انہیں رول کریں۔ مزیدارپین کیک رولزپیش کریں۔

شوگر فروٹ پین کیک

درکار اجزاء:

انڈے۔ دو عدد

دودھ۔ ساڑھے تین اونس

مکھن ۔ایک اونس (پگھلا ہوا)

میدہ ۔ساڑھے تین اونس

بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

کاسٹر شوگر۔ دو کھانے کے چمچ

ونیلا ایسنس۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

بلیو بیریز ۔تین کھانے کے چمچ (سوکھی)

آئسنگ شوگر۔ ایک چٹکی

آئل۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

انڈوں کی سفیدی اور زردی الگ کرلیں۔ ایک پیالے میں دودھ، مکھن اور انڈوں کی زردی ڈال کر اچھی طرح مِکس کریں۔ ایک پیالے میں میدہ، بیکنگ پاؤڈر اور کاسٹر شوگر مِکس کریں۔ اس میں دودھ کا آمیزہ ڈال کر اچھی طرح بیٹ کریں ۔ پھر اس میں ونیلا ایسنس اور سوکھی بلیو بیریز ڈال کر فولڈ کریں۔ ایک فرائنگ پین میں تھوڑا سا تیل گرم کریں۔ اس میں ایک چمچ بھر کر مکھن ڈالیں۔ اچھی طرح پھیلائیں کہ پین کیک بن جائے۔ ایک طرف سے گولڈن براؤن ہوجائے تو پلٹ کر دوسری طرف سے سینک لیں۔ اس کے بعد فرائنگ پین سے نکال کر آئسنگ شوگر چھڑکیں اور فوراً پیش کریں۔

چکن پین کیک

درکار اجزاء:

تیل۔ دو سو ملی لیٹر

چکن بریسٹ ۔آدھا کلو ( چوکور کیوبز میں بنے ہوئے)

چکن اسٹاک۔دو سو ملی لیٹر

سیلری کٹی ہوئی۔تین کھانے کے چمچ

پین کیک کے اجزاء:

آلو ۔ ایک کلو(کش کر لیں)

نمک۔حسب ذائقہ

چیز(پنیر)۔ایک پائو

ادرک کٹی ہوئی۔تین کھانے کے چمچ

آٹا۔آدھا پاؤ

زیرہ۔ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

ایک پین میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز، سیلری اور چکن کو گولڈن برائون کر لیں۔ چیک کر یں کہ چکن خستہ ہو گئی ہے، اب چکن اسٹاک بھی اس میں شامل کر دیں اور دھیمی آنچ پر پکائیں تاکہ سوس گاڑھا ہوجائے۔ اب اسے سیزن کر لیں۔

پین کیک کی تیاری کے لیے ان تمام اجزاء کو آپس میں مکس کریں۔ آلو، لہسن ، انڈے، آٹا، نمک،زیرہ اور عمدہ سا پیسٹ بنا لیں۔ آلو کے اس مکسچر کو نیم گرم گرل پر احتیاط سے پھیلادیں۔ اس طرح کک کریں کہ یہ مکسچر دونوں طرف سے برائون ہو جائے۔ اب پین کیک لے کر اس کے درمیان اس مکسچر کو اچھی طرح پھیلا کر اس پر چکن کو اسٹفنگ کریں اور اوپر چیز رکھ کر پین کیک کو موڑ لیں (چاندکی صورت) اور ہر طرف سے اچھی طرح بند کر کے کسی پین میں کیک کو گولڈن برائون کر لیں اور گرم گرم کھائیں۔

پنیر بھرے پین کیک

درکار اجزاء:

میدہ ۔تین سے چار کپ

دودھ۔تین سے چار کپ

انڈے۔تین عدد

تیل۔تلنے کے لئے

پیاز۔ایک عدد باریک کٹا ہوا

اخروٹ۔دو کھانے چمچ باریک کٹے ہوئے

سیاہ مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ پسی ہوئی

نمک ۔ایک چٹکی

ڈبل روٹی کا چورا۔دو کپ

گھی۔تین کھانے کے چمچ

پنیر۔تین سو گرام باریک کٹا ہوا

بادام ۔دو کھانے کے چمچ باریک کٹے ہوئے

ترکیب:

انڈے،نمک،میدہ اور گھی میں مناسب مقدار میں دود ھ ڈال کر مرکب تیار کر لیں اور 20منٹ کے لئے الگ رکھ دیں۔ فرائی پین میں تھوڑا سا گھی لگا کر تیار شدہ مرکب کا ایک بڑا چمچ ڈال کر دونوں طرف سے گولڈن تل لیں اور فرائی پین میں سے نکال لیں۔ پین کیک تیار ہے۔ اب پنیر،پیاز، اخروٹ، اور بادام کو آدھے پین کیک میں بچھا کر کناروں کو آپس میں بچے ہوئے مرکب سے جوڑ دیں۔ پھر اس پین کیک کو مزید تہہ کر کے تکونی شکل بنا لیں اور مرکب سے جوڑ لیں۔ 

تمام تکونوں پر برش سے انڈا پھینٹ کر لگائیں، پھر ڈبل روٹی کا چورا لگا ئیں اور تیل میں ڈیپ فرائی کر لیں۔ سنہرا ہونے پر ڈش میں نکال لیں اور گرما گرم پیش کریں۔ فلنگ کو ایک اور طریقے سے بھی تیار کیا جاتا ہے۔ پیاز کو گھی میں دو منٹ فرائی کریں جبکہ بادام اور اخروٹ کو علیحدہ علیحدہ خشک بھون لیں۔ اب گھی میں پنیر ، ڈرائی فروٹ ، نمک، اور سیاہ مرچیں ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کر یں۔ فلنگ تیار ہے۔

تازہ ترین