• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لواحقین کا طیارہ حادثے کی شفاف،غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز 8303 کے حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ نے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران جاں بحق افراد کے اہل خانہ نے طیارہ حادثے کی سرکاری رپورٹ یکسر مسترد کردی اور کہا کہ سی اے اے، پی آئی اے اور پالپا سب ایک جیسے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثے کا کوئی ایک فرد ذمے دار نہیں اس کے بہت سے ذمے دار ہیں، تمام کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔

اہل خانہ نے مزید کہا کہ طیاروں کے حساب سے پی آئی اے دنیا کی دوسری اور اوور ایمپلائرز ایئرلائن ہے، حادثے کے بعد ایئرلائن کا عملہ متاثرین کی مدد کے لیے موجود نہیں تھا۔

جاں بحق افراد کےاہل خانہ نے یہ بھی کہا کہ حادثے کی جگہ سے کروڑوں روپے برآمد کئے گئے، پی آئی اے میں بدعنوانی کے بہت سے واقعات ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سی اے اے، پی آئی اے اور پالپا سب ایک جیسے ہیں، قومی ایئرلائن میں سیاسی بھرتیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

اہل خانہ نے کہا کہ سی اے اے اور پی آئی اے کی تمام یونینز پر پابندی لگائی جائے، حادثے کی تحقیقات کے لئے ہیڈکوارٹر تک گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہاں اوسط ہر2 سال بعد ایک فضائی حادثہ ہوتا ہے، ان تمام حادثات کا ذمہ دار کون ہے؟، اے ٹی سی اوز کے خلاف کیا کاروائی کی گئی؟

تازہ ترین