• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں فلموں کی ڈیجیٹل ریلیز کا رجحان زور پکڑ رہا ہے

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں فلموں کی ڈیجیٹل ریلیز کا رجحانزور پکڑ رہا ہے۔ زیادہ تر فلم ساز اپنی فلموں کی تھیٹرز میں ریلیز کے لیے مزید انتظار کرنے سے گریزاں ہیں۔ اس لیے انہوں نے اپنی فلموں کی ریلیز کے لیے اسٹریمنگ کمپنیز کا سہارا لے لیا ہے۔بھارت میں پچھلے کئی مہینوں سے سنیما ہالز بند پڑے ہیں جس کے سبب بہت سے بڑے بجٹ والی فلموں کی ریلیز بھی رکی ہوئی ہے۔کورونا وائرس کے فوری طور پر نہ ختم ہونے والے اثرات کو دیکھتے ہوئے فلم ساز مجبوراً اپنی فلمیں آن لائن ریلیز کر رہے ہیں۔اس کی تازہ ترین مثال مہیش بھٹ کی نئی فلم ’سڑک ٹو‘ہے جس کے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ʼفلم کی ڈیجیٹل ریلیز جلد متوقع ہے۔’سڑک ٹو‘ کی ہیروئن مہیش بھٹ کی چھوٹی بیٹی عالیہ بھٹ ہیں۔عالیہ بھٹ کے علاوہ ادیتیہ رائے کپور، سنجے دت اور پوجا بھٹ کی اداکاری سے سجی یہ فلم 10 جولائی کو ملک بھر میں ریلیز ہونا تھی جو وبائی مرض کی موجودگی میں فی الحال ممکن نظر نہیں آتی۔ مہیش بھٹ کے بقول فلم ’سڑک ٹو‘ کو بربادی سے بچانے کے لیے


ڈیجیٹل ریلیز ہی واحد آپشن ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2018 میں بھارت میں تقریباً 1800 فلمیں سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھیں۔ لیکن اب امیتابھ بچن جیسے میگا اسٹار کی فلمیں بھی اسٹریمنگ پلیٹ فارم سے ریلیز ہو رہی ہیں۔امیتابھ کی حالیہ فلم ’گلابو ستابو‘ جو 17 اپریل کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونا تھی اسے 12 جون کو اسٹریمنگ پلیٹ فارم سے دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں ریلیز کیا گیا ہے۔یہ پہلی بولی وڈ فیچرڈ فلم تھی جسے ڈیجیٹل ریلیز کیا گیا تھا۔اس موقع پر امیتابھ بچن نے ایک ٹوئٹ بھی کیا تھا جس میں کہا تھا کہ 51سالہ فلمیں کریئر میں انہوں نے بہت سی تبدیلیاں دیکھی ہیں، بہت سے چیلجز کا مقابلہ کیا ہے اور اب انہیں ایک اور نئے چیلنج کا سامنا ہے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’گلابو ستابو‘ پہلی فلم ہے جو ڈیجیٹل ریلیز ہو رہی ہے۔ یہ بہت حیران کن تجربہ ہے۔’گلابو ستابو‘ کے بعد فلم ’چوکڈ‘،’چنٹو کا برتھ ڈے‘، نواز الدین جیسے بڑے اسٹار کی ’گھوم کھیتو‘، ’مسز سیریل کلر‘،’مسکا‘،’بم فاد‘،’واٹ آر دی اوڈز‘ اور’اتیت‘ وغیرہ بھی اسٹریمنگ پلیٹ فارم سے ریلیز ہونے جا رہی ہیں۔

تازہ ترین