• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلحہ اور کھانا ، دہشتگردوں کو مقامی لاجسٹک سپورٹ ملی، تفتیشی حکام

کراچی (طلحہ ہاشمی) کراچی میں اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی تفتیش کرنے والے حکام کا کہنا ہےکہ لگتا ہے کہ دہشت گردوں کو مقامی طور پر لاجسٹک سپورٹ ملی ، ان کے پاس سے اسلحہ اور کھانا ملا جس میں نیٹو سپلائی کے 40رشین رائفل گرینیڈ سمیت متعدد دستی بم ، گولیوں سمیت 6شولڈر بیگز اور چنے کے 4پیکٹس ملے۔

تفصیلات کے مطابق تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی کالعدم تنظیم نے شہر میں دوسری بار دہشتگردی کی بڑی کارروائی کی کوشش کی، اس سے قبل چینی قونصلیٹ پر بھی حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی، تاہم اس بار ایسا لگتا ہے کہ انہیں مقامی طور پر لاجسٹک سپورٹ فراہم کی گئی،یہ سپورٹ اسی گٹھ جوڑھ کا حصہ ہوسکتی ہے جس میں کراچی اور سندھ میں حالیہ دہشتگردی کی گئی۔

حکام نے بتایا کہ دہشتگرد شہر میں کب اور کہاں سے آئے یہ فی الحال حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا تاہم لگتا ہے دہشتگردوں کا مقصد اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہوکر لوگوں کو یرغمال بنانا تھا کیونکہ دہشتگردوں سے نیٹو سپلائی کے 40رشین رائفل گرینیڈ اور ایک رائفل، رشین اور امریکن 25 ہینڈ گرینیڈز، 4 سب مشین گنز، 15 لوڈڈ، 3 تباہ میگزینز اور 40گولیاں، سب مشین گنز کے گولیوں کے 26 پیکٹس ملے۔

ایک پیکٹ میں عموماً 25 سے 40 گولیاں ہوتی ہیں، اس کے علاوہ چلے ہوئے سب مشین گن کے 307 خول، پٹرول کی 3 بوتلیں، 2 طرح کے دستی بموں کے 12خالی ڈبے جبکہ 16ہینڈ گرینیڈ سیفٹی کورکس، 6شولڈر بیگس اور چنے کے 4؍ پیکٹس ملے۔

تفتیشی حکام کے مطابق اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں استعمال گاڑی چار روز قبل پرانی سبزی منڈی شوروم سے نقد رقم پر سلمان حمل عرف نوتک نے اپنے شناختی کارڈ پر خریدی، شوروم مالک نے بینک سے لیز گاڑی بغیر ٹرانسفر کرائے بیچنے سے انکار کردیا تھا ۔

تازہ ترین