• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں طالبات کے ساتھ ہراسانی کا نوٹس لے لیا، شیریں مزاری


وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے لاہور میں تدریسی اداروں میں طالبات اور دیگر خواتین کو ہراساں کیے جانے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ لاہور کے دو نجی تدریسی اداروں میں بچیوں اور خواتین سے ہراسانی کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت کے ریجنل دفاتر ہراسانی کے واقعات پر الرٹ رہے ہیں۔

شیریں مزاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ شکایت اور مدد کے لیے وزارت کی ہیلپ لائن 1099 دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ لاہور کے ایک معروف انگلش میڈیم اسکول کی طالبات کو کئی سال تک جنسی طور پر ہراساں کیا جاتا رہا، تنگ آ کر طالبات اور فارغ التحصیل طلبا نے ہمت کی اور اسکول انتظامیہ کو آگاہ کر دیا۔

اسکول انتظامیہ نے ٹیچر سمیت چار افراد کو ملازمت سے نکال دیا تاہم پولیس کو معاملے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

طالبات کے مطابق چاروں افراد کئی سال سے طالبات کو ہراساں کر رہے تھے، اسکول انتظامیہ کو کئی مرتبہ آگاہ کیا لیکن کوئی کارروائی نہ کی گئی جبکہ بعض طالبات نے تنگ آکر اسکول ہی چھوڑ دیا۔

بالآخر درجنوں طالبات نے اس معاملے سے نمٹنے کا فیصلہ کیا اور مل کر شکایت اسکول انتظامیہ کو درج کروائی اور چاروں اسکول ملازمین کی جانب سے بھیجے جانے والے غیراخلاقی پیغامات، ویڈیوز اور تصاویر بھی ثبوت کے طور پر پیش کیں۔

طالبات نے الزام عائد کیا کہ ٹیچر کلاس کے دوران طالبات کو گھورتا اور پرائیوٹ اعضا کو چھونے کی کوشش کرتا تھا، اکاؤنٹنٹ رات اکٹھے گزارنے کا کہتا اور انکار پر دھمکی بھی دیتا رہا۔

طالبات کے مطابق انہوں نے اپنی ایک خاتون ٹیچر کو آگاہ کیا لیکن انہوں نے بھی ساتھ نہ دیا اور خاموش رہنے پر زور دیا۔

تازہ ترین