• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کون لوگ ہیں جو علی زیدی کو کاغذات فراہم کر رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب




ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر بحری امور کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئےسوال اٹھایا ہے کہ کون لوگ ہیں جو وفاقی وزیر علی زیدی کو دستاویزات فراہم کر رہے ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیاری گینگ وار کے اہم کردار عزیر بلوچ کیس میں سات ممبران پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ علی زیدی کہتے ہیں اصل جے آئی ٹی اُن کے پاس ہے تو وہ آئی کہاں سے ہے، کون لوگ ہیں جو انہیں ایسے کاغذات دے رہے ہیں۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سوال اٹھایا کہ وفاقی وزیر اس طرح غیرمصدقہ دستاویز اسمبلی میں دکھا سکتا ہے؟ علی زیدی نے بڑے بڑے دعوے کیے مگر کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا، علی زیدی نے اسمبلی کے فلور پر خدا کی قسم کھاکر کہا جے آئی ٹی میں قادرپٹیل کا نام ہے، سیاسی قیادت کو بدنام کرنے کے لیے اس طرح کی دستاویزات ماضی میں بھی بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ علی زیدی کہتے ہیں کہ 4 دستخط والی جے آئی ٹی رپورٹ ان کے پاس ہے، سوال پیدا ہوتا ہے کہ انہیں یہ دستاویزات کون دے رہا ہے؟

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ قانونی اعتبار سے جے آئی ٹی حکومت تشکیل دیتی ہے اور جے آئی ٹی کا سربراہ رپورٹ کو حتمی شکل دے کر محکمہ داخلہ کو جمع کرواتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ علی زیدی نے عجیب پریس کانفرنس کی، دماغی اختراع کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایک طریقہ کار ہوتا ہے جسے پر عمل کرنا ہوتا ہے، ہم نے تینوں جے آئی ٹیز سامنے لانے کا کہا تھا اور سامنے لے آئے۔

تازہ ترین