• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا خڑکمر چیک پوسٹ حملہ کیس واپس لینے کا فیصلہ


خیبرپختونخوا حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ(پی ٹی ایم) رہنماؤں کے خلاف دائر خڑکمر چیک پوسٹ پر حملے کا کیس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی حکومت نے پی ٹی ایم رہنماؤں کے خلاف کیس واپس لینے کےلیے عدالت میں درخواست بھی جمع کرادی ہے۔

درخواست میں صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں کیس واپس لینا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی ایم رہنماؤں کے وکیل عبدالطیف آفریدی نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ حکومت نے کیس واپس لینے کے لئے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ استغاثہ کی درخواست جمع ہونے کے بعد کیس خود بخود ختم ہوجاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پی ٹی ایم رہنماؤں کے خلاف کیس واپس لینے کا فیصلہ قومی مفاد کے تحت کیا ہے۔

شمالی وزیرستان میں خڑ کمر چیک پوسٹ کا واقعہ 26 فروری 2019 کو پیش آیا تھا، سی ٹی ڈی نے پی ٹی ایم کے رہنما محسن دواڑ، علی وزیر اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

خڑ کمر واقعہ میں 13 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے تھے، پی ٹی ایم رہنماوں کے خلاف کیس بنوں کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چل رہا ہے، جس کی سماعت 16 جولائی کو ہوگی۔

تازہ ترین