بھرپور مقدار میں فرنِس آئل اور گیس ملنے کے باوجود کےالیکٹرک کراچی کے صارفین کو بجلی دینے میں ناکام ہوگیا ہے۔
اب اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ شہر میں لوڈ شیڈنگ کو کےالیکٹرک نے اس مرتبہ لوڈ مینجمینٹ کا نام دیا ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ کا یونٹ بند ہونے سے 130 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں روزانہ 8 گھنٹے اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے دعویٰ کیا تھا کہ عوام کو ریلیف ملے گا لیکن یہ صرف دعویٰ ہی رہا۔
کےالیکٹرک ذرائع کہتے ہیں کہ اب لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ لوڈ شیڈنگ 7 سے 8 گھنٹے سے بڑھ کر 10 گھنٹے تک ہوسکتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس کی وجہ بن قاسم پاور پلانٹ ون کے یونٹ میں ہونے والی فنی خرابی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: متحدہ کا دھرنا، کےالیکٹرک کیخلاف حکومت و اپوزیشن یکجا
ذرائع کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ ون کے چھ یونٹ میں سے دو کام کر رہے تھے تاہم ایک یونٹ بند ہونے سے مزید 130 میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہوچکا ہے جس سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اب مزید بڑھ جائے گا۔
ادھر ترجمان کےالیکٹرک کے مطابق رہائشی علاقوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے صنعتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔
دوسری جانب بن قاسم یونٹ میں فنی خرابی کے بعد صنعتی علاقوں میں 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے۔