گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کے-الیکٹرک کی اووربلنگ پر چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کوخط لکھ دیا۔
اس خط میں گورنر سندھ نے لکھا کہ شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر کے-الیکٹرک سے متعلق شکایات بھیجتی ہے۔
خط کے متن میں بتایا گیا کہ شہریوں کی شکایات میں اکثر شکایات اووربلنگ کی ہی ہوتی ہیں۔
گورنر سندھ کا خط میں کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کے-الیکٹرک کا صارفین سے رویہ اجارہ داری والا ہے۔ کے-الیکٹرک کی جانب سے اووربلنگ عام آدمی کے لیے ڈراونا خواب بن چکا ہے۔
گورنر سندھ نے لکھا کہ کے-الیکٹرک عوام کو اووربلنگ پر شکایات کا ازالہ کرنے کے بجائے پہلے بل ادا کرنے کے لیے کہتی ہے۔ عوام کو کنکشن کٹنے سے بچانے کے لیے پہلے بل بھرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ گھریلو، صنعتی اور کمرشل صارفین کی بھی یہ ہی شکایت ہے۔
یہ بھی پڑھیے: متحدہ کا دھرنا، کےالیکٹرک کیخلاف حکومت و اپوزیشن یکجا
چیئرمین نیپرا کو لکھے گئے اس خط میں گورنر سندھ نے زور دیا کہ تمام شکایات کی تحقیقات کی اشد ضرورت ہے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ کے-الیکٹرک کے خلاف اووربلنگ کی شکایات پر آڈٹ کروایا جائے، اور جو شکایت درست ثابت ہوں اسے ری فنڈ کیا جائے۔
گورنر سندھ نے درخواست کی کہ اس حوالے سے فوری احکامات جاری کریں۔