• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ بھر کے تمام اضلاع کی فٹبال ٹیموں کی جانچ پڑتال کا عمل شروع

سندھ بھر کے تمام اضلاع کی فٹبال ٹیموں کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا گیا ہے، نارملائزیشن کمیٹی تمام شکایات کو میرٹ پر دیکھے گی۔

یہ بات سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین خواجہ عبید الیاس نے آن لائن میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

میٹنگ میں 30 مئی اور 10جون کی حتمی تاریخ گزرنے کے بعد ڈسٹرکٹ اور کلبز کی جانب سے جمع شدہ ڈیٹا فارم کا جائزہ لیا گیا۔

سیکریٹری دوست محمد دانش نے مکمل رپورٹ پیش کی اور اس کی روشنی میں کمیٹی نے اپنے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی سفارشات مرتب کر کے فیڈریشن کو بھیجنے کی منظوری دی۔

کمیٹی کے سامنے رپورٹ پیش کی گئی کہ سندھ بھر سے بہت سی شکایت موصول ہوئیں کہ بعض ڈسٹرکٹ نے کلبز کی مرضی کے بغیر اپنے من پسند افراد کو عہدیدار ظاہر کیا ہے، بعض کلبز کا وجود بھی نہیں لیکن فرضی پروفائل بنا کر جمع کروائے گئے ہیں۔

جس پر یہ طے ہوا کہ تمام کلبز کی نئے سرے سے جانچ پڑتال ہوگی اور ضرورت پڑی تو ہر کلب کی جنرل باڈی بلا کر عہدیداران کا تعین کیا جائے گا۔ 

مزید کہا گیا کہ ہر ڈسٹرکٹ میں فیڈریشن کے نامزد کردہ کوآرڈنیٹرز اپنے ڈسٹرکٹ میں جانچ پڑتال، شکایات کا ازالہ، کلبز کے عہدیداران کا تعین اور حتمی ووٹر لسٹ کے اجراء کے ذمہ دار ہوں۔

چیئرمین خواجہ عبید الیاس نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ کے الیکشن فٹبال کی تاریخ میں جداگانہ نوعیت کے الیکشن ہوں گے جس میں فیفا کے قوانین کے مطابق نارملائزیشن کمیٹی کو حاصل اختیارات اور طریقہ کار بروئے کار لایا جائے گا۔

تازہ ترین