• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلیئرز کے ٹیسٹ مثبت آنے پر بورڈ حکام ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے، وسیم خان


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم کو انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ بہت مشکل تھا، کرکٹرز کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بورڈ حکام ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے ۔

جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ کرکٹرز کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعدایک مشکل وقت تھا ، ہم نے کرکٹرز سے بات کی ، وہ بھی کھیل کی بحالی کے خواہش مند تھے کھیلنا چاہتے تھے ۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے دورے کی وجہ سے پی سی بی کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہوئی ، ویسٹ انڈیز نے اس وقت انگلینڈ جانے کا فیصلہ کیا جب وہاں حالات زیادہ خراب تھے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو کے کہا کہ ہمیں پوچھا جاتا ہے ٹیم کیوں بھیجی، یہ سوال ویسٹ انڈیز سے بھی ہونا چاہیے، ورلڈ کرکٹ کیلئے کھیل کی بحالی اہم تھی، اسی لیے فیصلہ کیا۔

ان کاکہنا تھا کہ میں 2019ء میں پی سی بی میں آیا، اس کے بعد کئی ٹیمیں پاکستان آئیں، سری لنکا، بنگلا دیش اور ایم سی سی کے بعد مزید ٹیمیں پاکستان آئیں گی ۔

وسیم خان نے کہا کہ غیر ملکی ٹیموں کے پاکستان کے بارے میں خیالات تبدیل ہو رہے ہیں، غیر ملکی ٹیمیں سمجھتی ہیں کہ پاکستان میں کرکٹ ہونی چاہیے۔

تازہ ترین