• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی سید اطہر علی ہاشمی انتقال کر گئے، سخی حسن قبرستان میں سپردخاک

سینئر صحافی سید اطہر علی ہاشمی انتقال کر گئے


کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر صحافی ، کالم نگار، کراچی پریس کلب کے سینئر رکن سید اطہر علی ہاشمی کو جمعرات کی سہہ پہر کراچی کے سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، قبل ازیں ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر جامع مسجد شہباز بلاک نمبر 12 گلستان جوہر میں ان کے چھوٹے بھائی اور دارالعلوم کراچی کے ناظم مولانا سید راحت علی ہاشمی کی امامت میں ادا کی گئی، روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر انچیف سید اطہر علی ہاشمی جمعرات کی علی الصبح نیند کے دوران انتقال کر گئے تھے، انکی عمر74برس تھی۔ انہوں نے سوگواران میں بیوہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں،مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے 8اگست ہفتے کو بعد نماز عصر تا مغرب ان کی رہائش گاہ بلاک12 گلستان جوہر میں فاتحہ اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، نائب امراء لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں محمد اسلم ،اسد اللہ بھٹو ، راشد نسیم ، پروفیسر محمد ابراہیم ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اورسیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر حمیدہارون اور سیکرٹری جنرل سرمد علی ، کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، سیکرٹری ارمان صابر اور ارکان گورننگ باڈی نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ سید اطہر علی ہاشمی 44؍ برس سے صحافت سے وابستہ تھے وہ نہ صرف اردو صحافت کے استاد تھے بلکہ ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو صحافت سکھائی ۔ان کا شمار عرب نیوز،اردو نیوز جدہ کے بانیوں میں ہوتا تھا اس کے علاوہ وہ روزنامہ امت کے ڈپٹی ایڈیٹر انچیف بھی رہے۔اطہر علی ہاشمی کو زبان و بیان پر گرفت حاصل تھی۔ان کا مشہور کالم ’خبر لیجیے زباں بگڑی‘ اردو دانی کے لحاظ سے سند کی حیثیت رکھتا ہے جس میں وہ اردو زبان کی بول چال میں رائج غلطیوں کی نشاندہی اور ان کی تصحیح کرتے تھے۔ مرحوم کا یہ کالم مختلف اخبارات کی ویب سائیڈاور ٹی وی پر کافی عرصے سے شائع ہورہا تھا ۔

تازہ ترین