کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے سائن بورڈز کی تنصیب سے متعلق حکم دیا ہے کہ کمشنر کراچی کو کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے میں بھی لگے سائن بورڈز ہٹانے کی کارروائی کا اختیار ہوگا ، عدالت نے کمشنر کراچی سے چار ہفتوں میں عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے، عدالت نے متعلقہ حکام کو سائن بورڈز سے متعلق رولز بنانے کا حکم بھی دے دیا ۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ رولز بنانے سے متعلق حکومتی نوٹیفکیشن آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے ۔ جمعرات کو سپریم کورٹ نے سائن بورڈز کی تنصیب سے متعلق سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ۔ عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ شہر بھر سے بل بورڈز سائن بورڈ اور ہورڈنگز ہٹانے کی ذمہ داری کمشنر کراچی کی ہوگی ، پرائیویٹ پراپرٹیز پر لگائے جانے والے سائن بورڈز متعلقہ ڈی ایم سی اپنے انجینئر سے حفاظتی اقدامات کا معائنے کرائیں ، پرائیویٹ پراپرٹیز پر جن خطرناک سائن بورڈ کی نشاندہی ہو انہیں ہٹادیا جائے ۔