کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بچوں کی صحت پر کوئی رسک نہیں لے سکتے ، 2سے 3روز میں محکمہ صحت و اسٹیئرنگ کمیٹی کی مشاورت سے ایس او پیز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں میں سیکرٹری تعلیم احمد بخش ناریجو، محکمہ تعلیم کے افسران اور دیگر شریک ہوئے اجلاس میں صوبے بھر میں اسکولز کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز کو فائنل کرنے، محکمہ صحت کی جانب سے موصول شدہ ایس او پیز پر غور سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم کی بہتری،اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور نئے اساتذہ کی بھرتی سمیت دیگر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد صوبے میں تعلیمی سال اور آئندہ امتحانات کے لئے سلیبس سمیت دیگر کے حوالے سے رپورٹ جلد تیار کرکے دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس بات کو بخوبی سمجھتے ہیں کہ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش سے غیر معمولی طور پر تعلیمی سال متاثر ہوا ہے تاہم ہم بچوں کی صحت پر کوئی رسک نہیں لے سکتے تھے۔سعید غنی نے کہا کہ آئندہ دو سے تین روز میں محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی سے مشاورت کے بعد تمام ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی جائے گی. سعید غنی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے وفاقی سطح پر قائم کمیٹی کا اجلاس 7 ستمبر کو منعقد ہوگا، جس کے بعد ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے کھولنے کا باقاعدہ اعلان ہوسکے گا۔