پاکستان سُپر لیگ میں لاہور قلندر کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی بیٹسمین بین ڈنک نے پی ایس ایل کے میچ کو کرکٹ کی بہترین یادوں میں سے ایک قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک کرکٹ شائق نے پی ایس ایل سیزن 5 کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بین ڈنک کی دھواں دھار پرفارمنس کی جھلکیاں شیئر کیں۔
افتخارالدین نامی صارف نے بین ڈنک کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنی والہانہ محبت کا بھی اظہار کی۔
بین ڈنک نے بھی پی ایس ایل کے اس یادگار میچ پر اپنا ردعمل دینے سے گریز نہیں کیا اور کہا کہ یہ میچ میری کرکٹ کی یادوں میں سے ایک بہترین یاد ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’اس میچ میں قذافی اسٹیڈیم میں موجود تماشائی حیرت انگیز تھے۔‘
قبل ازیں انہوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پُرامید ہیں کہ سال کے آخر میں ہم ایک بار پھر اکٹھے ہوکر پلے آف میچز میں فتح کے ساتھ ٹرافی پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہوجائیں گے، ابھی تو کورونا وائرس کی وجہ سے حالات اچھے نہیں، امید ہے کہ بہتری آنے کے بعد ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔
واضح رہے کہ 33 سالہ آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک نے پی ایس ایل کے سیزن فائیو میں لاہور قلندرز کو میچ جتوانے میں متعدد بار اہم کردار ادا کیا تھا۔
بین ڈنک کی جارحانہ اننگز کی بدولت ہی لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب بھی رہی تھی۔
بین ڈنک نے پی ایس ایل میں اپنی بہترین پرفارمنس کی وجہ سے تو مقبولیت حاصل کی ہی تھی لیکن ان کی ببل گم کے چرچے بھی کچھ کم نہ تھے۔
انہوں نے ایک اننگز میں زیادہ سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف پہلے میچ میں انہوں نے 8 چھکوں کا ریکارڈ توڑا اور 10 چھکوں کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا اور پھر کراچی کنگز کے خلاف اپنے ہی ریکارڈ کو 12 چھکوں کے ساتھ بہتر کیا۔