• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انجلینا جولی نے امدادی اسٹال لگائے بچوں کے دل جیت لیے

ہالی ووڈ کی مقبول اداکارہ انجلینا جولی نے مشرقی لندن میں بچوں کی طرف سے یمن کے لیے لگائے گئے امدادی اسٹال کو خطیر رقم عطیہ کر کے دل جیت لیے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ریڈبرج کے رہائشی6 سالہ ایان موسیٰ اور میکائل اسحاق نے بتایا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ کوئی ان کے اس اسٹال پر آئے بغیر اور لیموں پانی پیئے بغیر ہی ان کی مدد کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اداکارہ انجلینا جولی کی طرف سے رقم کے ساتھ ایک تحریری پیغام بھی ملا ہے۔

انجلینا جولی نے اپنے خط میں لکھا کہ میں معذرت خواہ ہوں کہ میں آپ کے اسٹال سے لیموں پانی تو نہیں خرید سکتی لیکن کچھ رقم عطیہ کرنا چاہتی ہوں۔

انجلینا جولی نے بچوں کے اس اقدام پر سراہتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ یمن کے بچوں کیلئے اٹھایا گیا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے۔

واضح رہے کہ ان دونوں دوستوں نے انجلینا جولی کو ایک ویڈیو پیغام بھیجا ہے جس میں انہوں نے اداکارہ سے کہا کہ آپ کا جب بھی لندن آنا ہو تو آپ بلا جھجھک یہاں سے تازہ لیموں پانی کا ایک گلاس ضرور پی سکتی ہیں۔

ایان اور میکائل اپنے امدادی اسٹال سے اب تک 67 ہزار پاؤنڈز اکٹھے کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ دنیائے عرب کا غریب ترین ملک یمن خانہ جنگی سے تباہ حال ہے،  یمن میں جاری خانہ جنگی میں گزشتہ برس 23 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

تازہ ترین