• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحمٰن ملک،سنتھیا کی درخواست کی سماعت رکوانے کیلئے عدالت پہنچ گئے

اسلام آباد (خبر نگار) سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک امریکی بلاگر سنتھیا رچی کی جانب سے دائر ماتحت عدالت میں اندراج مقدمہ کی درخواست کی سماعت رکوانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے۔ رحمٰن ملک نے درخواست پر سماعت رکوانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سنتھیا رچی نے ہائیکورٹ میں حقائق چھپا کر دھوکہ دہی سے اپنے حق میں فیصلہ لیا، وہ عدالت کو حقائق بتائیں گے۔

درخواست پر فیصلے تک ماتحت عدالت میں مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت روکی جائے۔ دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج عطاءربانی رحمن ملک کیخلاف سنتھیا ڈی رچی کی درخواست پر آج ہفتہ کو سماعت کریں گے۔

درخواست دائرکرنے ے بعد رحمن ملک نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنتھیا رچی ہی کے وکیل نے جو پٹیشن دائر کی اس میں میرٹ کی بات ہی نہیں کی ،میری سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ، مجھے سب پتہ ہے کہ اس سب کے پیچھے کون تھا ، سب کہتے ہیں کسی تیسری پارٹی نے پیسے دئیے ہیں۔

انہوں نےکہاکہ موٹروے واقعہ سینٹ کمیٹی میں بھرپور انداز میں اٹھایا گیا ، اچھی طرح سے معاملے کو جانچنے کے بعد ازخود نوٹس لے لیا ، نوٹس جاری کر دیا گیا ہے ، آئی جی اور سی سی پی او کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے ، ایسا واقعہ اگر ہو جائے تو ہمدردی ہونی چاہئے ، یہ کہنا کہ وہ موٹروے پر نہ جاتی، پٹرول کا خیال کرتی، ٹھیک نہیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جو باتیں ہوئیں ان پر بھی کارروائی کریں گے ، میرے پاس اپیلیں آ رہی ہیں کہ اس کیس میں سزائے موت ہونی چاہئے ، یہ چیز کمیٹی کے سامنے رکھوں گا۔

تازہ ترین