• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریعت اسلامیہ کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے، عبدالمجید ندیم

بر منگھم (پ ر)پاکستان میں شریعتِ اسلامیہ کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے۔جب تک امیر اور غریب کے لیے ایک جیسا قانون نہیں ہوگا جرائم میں کمی نہیں ہو سکتی۔مجرموں کو بروقت قرار واقعی سزا نہ دینا جرائم میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے عدالتی نظام میں انقلابی اصلاحات کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر بر طانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم نے بر منگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خطا ب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہا ’’آج پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ ملک میں خواتین اور بچیوں کی عصمتیں محفوظ نہیں، بندوق کی نوک پر لوگوں کو لوٹ لیا جاتا ہے ۔حکومتی اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے مظلومین کو ہی الزام دے رہے ہیں ۔ حکومتی افراد صورتِ حال کی سنگینی کو محسوس کرنے سے قاصر ہیں ۔ مفتی عبدا لمجید ندیم نے مزید کہا کہ’’موجودہ صورتِ حال کا تقاضا ہے کہ معاشرے کے تمام افراد اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ معاشرے کو اخلاقی طور پر درست کرناتمام طبقات کی ذمہ داری ہے۔علمائے کرام کا فرض ہے کہ وہ خطبات میں لوگوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی تلقین کریں اور انہیں اس حوالے سے اسلا می تعلیما ت سے روشناس کرائیں۔ جب تک عوام ذمہ داری کا ثبوت نہیں دیں گے کسی بھی طرح کی تبدیلی ناممکن ہے۔ 

تازہ ترین