• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کومزید سہولتیں دینے کیلئے تیار، ظہیر اسلم جنجوعہ

بیلجئیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لیے سفیر پاکستان، ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث خطے میں سرمایہ کاری کی سب سے بڑی منزل سمجھا جاتا ہے، حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پہلے ہی متعدد مراعات دے رہی ہے اور وہ انہیں مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیلجیئم کی ایک معروف مینو فیکچرنگ کمپنی اونٹیکس گروپ کے ساتھ ایک آن لائین میٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری ماحول میں بہتری اور معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت پاکستان ایک منافع بخش سرمایہ کاری کی منزل کے طور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کر رہا ہے۔ 

حکومت پاکستان سے برآمدات بڑھانے کے لیے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون قائم کئے جا رہے ہیں، اس کے ساتھ ہی سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع کے ساتھ خصوصی اقتصادی زون SEZs بھی موجود ہیں ۔ 

اس موقع پر اونٹیکس گروپ کے صدر برائے امریکہ، مشرق وسطی، افریقا اور ایشیا مسٹر ارمانڈو امسمیم نے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان کو اپنی کمپنی کے پاکستانی پورٹ فولیو کے متعلق آگاہ کیا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے 10 ملین یورو کی نئی سرمایہ کاری کے منصوبے کے متعلق بھی سفیر پاکستان کو آگاہی فراہم کی۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا گروپ پاکستان میں نئی پروڈکٹ لائنوں کو وسعت دیکر وہ مصنوعات انڈونیشیا، بنگلہ دیش، سری لنکا اور مالدیپ کو برآمد کرے گا۔ 

سفر پاکستان نے کمپنی کے اس فیصلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نوٹ کیا کہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث بہت سی کمپنیاں زیادہ بہتر منافع کما رہی ہیں جس کے باعث ماضی قریب سے لے کر اب تک متعدد بین الاقوامی کارپوریشنوں کی جانب سے سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین