• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قتل اورڈکیتی کے بڑھتے واقعات کوفوری روکاجائے،راجہ بشارت

لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے پنجاب میں قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ قتل ڈکیتی راہزنی اور چوری کے بڑھتے واقعات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں. وہ سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھےراجہ بشارت نے کہا کہ عدالتوں میں اسلحہ لے جانے پر پابندی کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیر قانون نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور غیر قانونی قبضہ مافیاؤں کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہیے ۔ انہوں نے تمام آر پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ جرائم میں اضافہ روکیں ۔اجلاس میں چہلم کے جلوسوں اورعرس حضرت داتا گنج بخش کے حوالے سے کیے گے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا. بریفنگ میں بتایا گیا کہ آرمی اور رینجرز کے دستے بھی ضلعی انتظامیہ کی معاونت کے لیے تیار رہیں گے ۔ راجہ بشارت نے ہدایت کی کہ جہلم کے جلوسوں اور عرس کی تقریبات کے دوران سیکورٹی اور کورونا کے طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے. صوبائی وزیر کھیل تیمور احمد خان، وزیر بہبود آبادی ہاشم ڈوگر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔
تازہ ترین