پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ملک میں اچانک سے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اس وباء کی دوسری لہر کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
پی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی دوسری لہر سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے اور دنیا میں دوسری لہر سے متاثر ہونے والے ممالک میں کورونا وائرس وباء زیادہ خطرناک ثابت ہوئی ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق سندھ اور بالخصوص کراچی میں کیسز میں اضافے کی وجہ ایس او پیز سے دوری ہے، لوگ ماسک لگانے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ہاتھوں کو صاف نہیں رکھ رہے ہیں۔
پی ایم اے نے کہا کہ پرائمری اور پری پرائمری کلاسز میں بچوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے، ملک سے کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے اس موقع پر عوام سے گزارش کی کہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے۔