• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی افواج و عدلیہ کو نون لیگ سے لڑانے کی حکمتِ عملی ہے، احسن اقبال


مسلم لیگ نون کےسیکریٹری جنرل احسن اقبال کہتے ہیں کہ حکومت کی حکمتِ عملی ہے کہ افواجِ پاکستان اور عدلیہ کو مسلم لیگ نون سے لڑایا جائے۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل مسلم لیگ نون احسن اقبال نے کہا کہ جب سے اے پی سی کا انعقاد ہوا ہے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومتی ترجمان جیسے بیانات سے مسخرہ پن بھی نہیں کیا جا سکتا، جس ملک میں غداری کے سرٹیفکیٹ ایسے بانٹے جائیں اس کا اللّٰہ ہی حافظ ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہے، یہ جنگ فوج یا عدلیہ کے خلاف ہونے کا حکومتی بیانیہ عوام کو دھوکا دینے جیسا ہے۔


انہوں نے کہا کہ عمران احمد نیازی جواب دیں کہ ان سے حکومت کیوں نہیں چل رہی؟ ناکامیوں کا جواب دینے کے بجائے عمران خان کا ایک ہی مؤقف ہے این آر او نہیں دوں گا۔

رہنمانون لیگ نے کہا کہ آج پاکستان میں مڈل کلاس ختم ہو گئی ہے، ہمارے دور میں متوسط طبقہ غربت سے نکل رہا تھا، جب سے یہ آئے ہیں غریب مزید بد حال ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تم اپنا این آر او اپنے پاس رکھو، اپنے وزیروں، مشیروں کو دو، کیا بی آر ٹی کا جواب ہے ان کے پاس؟ نہ تم این آر او دے سکتے ہو، نہ کوئی مانگ رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ غریب تم سے روٹی مانگ رہا ہے، اسے روٹی دو، ان کو نواز شریف فوبیا ہو گیا ہے، کابینہ میں عوامی مسائل کے حل کی بجائے نواز شریف ڈسکس ہوتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کشمیر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بنا کر آزاد نہیں کرایا جا سکتا، غریب کو ٹویٹر ٹرینڈ بنا دینے سے روٹی نہیں ملے گی، انہوں نے سی پیک کو پوری دنیا میں متنازع بنا دیا۔

سیکریٹری جنرل مسلم لیگ نون نے کہا کہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ مسلم لیگ کی لڑائی فوج کےساتھ ہےتو وہ اپنے دماغ کا علاج کرائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ملک کا سیاسی گلدستہ ہے، پاکستان کے وقار کی علامت ہے، یہ جادو منتر کی حکومت ہے، 2018ء کے جادو منتر نے عوام کا سکون چھین لیا ہے۔

احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم سب متفق ہیں کہ اس نالائق حکومت کو گھر بھیجا جائے، حکومتی وزیر، مشیر غداری کے سرٹیفکیٹ دینا بند کریں، چور وہ ہے جو عوام کو غریب کرتا ہے۔

تازہ ترین