• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شفقت محمود اور احسن اقبال کے اپنے اپنے بیانیے کے حق میں دلائل

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور اپوزیشن جماعت (ن) لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں اپنے اپنے بیانیے کے حق میں دلائل پیش کیے۔

شفقت محمود نے دوران گفتگو کہا کہ نواز شریف نے اپنے ہر دور میں آرمی چیفس سے جھگڑا کیا، سابق وزیراعظم خطرناک کھیل، کھیل رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ن لیگی رہنما نے استفسار کیا کہ کیا جنرل ضیا الحق، جنرل ایوب خان اور یحیٰ خان سے بھی نواز شریف کا جھگڑا ہوا تھا؟

شفقت محمود نے مزید کہا کہ نواز شریف مفرور مجرم ہیں، وہ بیرون ملک رہ رہے ہیں، سابق وزیراعظم اپنے ہر دور حکومت میں غیر معمولی اختیارات چاہتے رہے ہیں۔


احسن اقبال نے دوران گفتگو سوال کیا کہ کیا پاکستان کے دشمن ملک کو آئین کے مطابق چلانے کی بات کر رہے ہیں؟ حکومت کی صفوں میں بوکھلاہٹ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں فوج سمیت تمام اداروں کی حمایت حاصل ہے۔

ن لیگی رہنما نے اپنی گفتگو میں کہا کہ نواز شریف نے فوج کو سیلوٹ کیا ہے، تمام ادارے مل کر ملک میں استحکام پیدا کریں، چیئرمین سینیٹ کو لیڈ لینی چاہیے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ساکھ کھو چکے ہیں۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت اپوزیشن رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے، عوام چاہتے ہیں کہ اس حکومت سے جلد از جلد جان چھڑائی جائے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے ملک میں مہنگائی اتنی زیادہ بڑھ گئی ہے؟ کیا وجہ ہے کہ ملکی معیشت تباہی کا شکار ہوئی ہے؟

تازہ ترین