مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت غداری کے مقدمےکی پیروی خود کرلے، نواز شریف کے خلاف غداری کا پرچہ حکومت نےہی درج کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تاریکی میں بغاوت کامقدمہ بنایا گیا، ملک میں آج کوئی گورننس نہیں ہے، وزراء چار روز سے غداری کے الزامات لگارہے ہیں، فواد چودھری ہر روز پریس کانفرنس کرکے غداری کے الزامات لگاتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کرائے کے ترجمانوں کیلئے یہ بہت نادر موقع ہے کہ کیس میں شامل ہوجائیں، جبکہ اس ایف آئی آر کی وہی حیثیت ہے جو حکومت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہیں کہتے کہ ایف آئی آر ختم کریں، جلسوں میں اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھیں گے، جلسے ہوں گے ریلی ہوگی اس کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا۔
شاہد خاقان نے کہا کہ ہر برائی کو دور کرنےکے لیے تھوڑی تکلیف برداشت کرنی پڑتی ہے، تھوڑی تکلیف ہوگی لیکن برائی ختم ہوجائے گی، جب عوام کی زبان پر آ جائے ہماری ان سےجان چھڑائیں تووہ حکومت نہیں رہ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں کبھی تحریک کو نہیں روک سکتیں، گرفتاریاں حکومت کی بزدلی اور شکست کا اعتراف ہوتا ہے، جیل کی سلاخوں نے کبھی حق کی آواز نہیں دبائی، ہم حق کے راستے پر ہیں عوام کو ریلیف دینا چاہتے، گرفتاریاں معمولی بات ہیں، اس سے حکومت نہیں بچ پائے گی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن میں اعتماد کا کوئی فقدان نہیں ہے، پی ڈی ایم کے راستے سے جو الگ ہوگا عوام اس کو سیاست سے علیحدہ کردیں گے۔