• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان نے 2 سابق وزرائے اعظم کیخلاف مقدمہ بنادیا، محمد زبیر


مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دو سابق وزرائے اعظم اور تین سابق لیفٹیننٹ جنرلز کے خلاف مقدمہ بنادیا۔

لاہور کے تھانہ شاہدرہ آمد پر میڈیا سے گفتگو میں محمد زبیر نے کہا کہ ہم پر اداروں کے خلاف بات کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان کا براہ راست حکم ہے کہ مقدمے بنائے جائیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ واحد مقدمہ ہے جس میں انچارج انویسٹی گیشن کا فون بند ہے اور مقدمے کا مدعی دو دن سے غائب ہے۔

نون لیگی رہنماؤں کے وکلاء کی ٹیم تھانے پہنچ گئی

گوجرانوالا میں سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف درج بغاوت کے مقدمے میں 26 لیگی رہنماؤں کو شامل تفتیش کرنے کے معاملے پر لیگی رہنماؤں کے وکلاء کی ٹیم تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پہنچ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لیگی رہنماؤں کو ذاتی حیثیت میں بلایا ہے، پیش نہ ہوئے تو غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔


مقدمے میں 26 نون لیگی رہنماؤں نے آج بھی تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں حاضر نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ بار کونسل کے سابق صدر نور محمد مرزا کی سربراہی میں 4 رکنی وکلاء کی ٹیم نے تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایچ او اور تفتیشی آفیسر سے ملاقات کی۔

وکلاء نے مقدمے میں لیگی رہنماؤں کو شاملِ تفتیش کیے جانے کی قانونی حیثیت کے حوالے سے سوالات کیے۔

پولیس نے وکلاء کو بتایا کہ مقدمے میں شاملِ تفتیش ہونے کے لیے 2 اکتوبر کی میٹنگ میں موجود نون لیگ کے 26 رہنماؤں کو آج دوسری مرتبہ ذاتی حیثیت میں بلایا گیا ہے، اگر وہ خود پیش نہ ہوئے تو انہیں آج بھی غیرحاضر تصور کیا جائے گا۔

پولیس افسران سے ملنے کے بعد وکلاء کی ٹیم واپس لوٹ گئی۔

تازہ ترین