• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آذربائیجان آرمینیا میں جنگ بندی سے چند منٹ قبل کاراباخ میں دھماکے


آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ بندی سے چند منٹ قبل کاراباخ کے دارالحکومت اسٹپن کیرٹ میں دھماکے ہوئے ہیں۔

آرمینیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آذربائیجان نے سیز فائر سے چند منٹ قبل کاراباخ کے دارالحکومت اسٹپن کیرٹ Stepanakert پر میزائل داغے ہیں، میزائل حملے میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

کاراباخ رائٹس کے محتسب کا کہنا ہے کہ میزائل حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

کاراباخ میں موجود خبر ایجنسی کے نمائندے کے مطابق آج صبح کاراباخ میں 2 دھماکے سنے گئے۔

دوسری جانب آذربائیجان کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ آرمینیا نے سیز فائر سے قبل گنجان آباد مختلف اضلاع میں شدید شیلنگ کی ہے جس پر آذربائیجان جوابی کارروائی کر رہا ہے۔

اس سے قبل آرمینیا اور آذربائیجان نے ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں آج دوپہر سے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔

جنگ بندی پر آج دوپہر 12 بجے سے عمل درآمد ہونا تھا۔

ماسکو میں آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان 11 گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد روسی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ فریقین انسانی بنیادوں پر آج سے جنگ بندی پر رضامند ہو گئے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے دوران فریقین لاشوں اور زخمیوں کا تبادلہ کریں گے، آذربائیجان اور آرمینیا پُرامن سمجھوتے کے حصول کے لیے ٹھوس مذاکرات کا آغاز جلد کریں گے۔

واضح رہے کہ نگورنو کاراباغ میں گزشتہ ماہ 27 ستمبر سے جاری جھڑپوں میں اب تک 300 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

ان جھڑپوں کے دوران آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کے دوسرے بڑے شہر گانجا کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

تازہ ترین