پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان تحریک سے پہلے بوکھلا کر گرفتاریوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں، اگر پی ڈی ایم نے جیل بھرو تحریک چلائی تو قیدخانوں میں جگہ کم پڑجائے گی۔
کراچی میں شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی غریب دشمن پالیسیوں کی بدولت ملک پیچھے جارہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت اپنے عروج پر ہے، سلیکٹڈ حکومت کو اب زیادہ عرصہ برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک اس ظالم حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔
اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لیے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بلاول ہاؤس کراچی تشریف لائے اور انہوں نے پی پی چیئرمین کو 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے میں خطاب کی دعوت دی، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے میں خطاب کی دعوت دی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے مسلم لیگ ن کے وفد سے ملاقات کی، جبکہ ن لیگ کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔