رواں سال 29 اپریل کو اِس دنیا سے رخصت ہونے والے بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان اور اُن کے بیٹے بابیل خان کی جھیل کنارے بیٹھے یادگار تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جسے دیکھنے کے بعد اداکار کے مداح اُنہیں ایک بار پھر یاد کرنے لگے ہیں۔
بابیل خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے والد عرفان خان کے ہمراہ ایک یادگار تصویر پوسٹ کی ہے جس میں اداکار جھیل کنارے بیٹھے اپنے بیٹے کی تصویر لے رہے ہیں۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ کو ایک شاعرانہ طرز کا کیپشن دیتے ہوئے بابیل خان نے لکھا کہ ’جھیل کے ذریعے مقامات تبدیل کرنا اور آپ کا یوں میری روح کو ہلا دینا مجھے بہت پسند ہے۔‘
عرفان خان کے بیٹے نے لکھا کہ ’مجھے وہ لمحہ بھی بہت پسند ہے کہ جب میں نے پانی میں چھلانگ لگائی تھی اور آپ جانتے ہیں وہ ایک مزاحیہ لمحہ تھا۔‘
بابیل خان نے لکھا کہ ’آپ نے مجھے کہا تھا کہ بس اتنا کرنا ہے کہ اُچھل کر چھلانگ لگانی ہے اور میں تھوڑی دور سے اُچھلا تھا لیکن میں نے آپ کی یادوں میں یہ بہت بار کیا۔‘
بیٹے کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے عرفان خان کی اہلیہ ستاپا سکدر نے لکھا کہ ’میرے پاس آج بھی آپ کا یہ سویٹر موجود ہے جو مجھے اُن دنوں کی یاد دلاتا ہے۔‘
واضح رہے کہ رواں سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔