• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے والد سیکھاتے تھے، اب خود اپنی ذات کو سیکھا رہا ہوں، بابیل خان

کولون انفیکشن کے باعث رواں سال انتقال کر جانے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کے بڑے بیٹے بابیل خان نے سوشل میڈیا پر اپنے والد کی پھولوں سے سجی قبر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عرفان خان کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

اکثر سوشل میڈیا پر اپنے والد عرفان خان کی یاد میں پیغام جاری کرنے والے بابیل خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عرفان خان کی پھولوں سے سجی قبر کی تصویر پوسٹ کی ہے اور اُس کے ساتھ ہی ایک طویل کیپشن بھی لکھا ہے۔


بابیل خان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں معروف روسی فلمساز و رائٹر آندرے ترکووسکی کا ایک مشہور قول لکھا کہ ’جب انسان پیدا ہوتا ہے تو کمزور ہوتا ہے لیکن جب اُس کی موت ہوتی ہے تو اُس کا جسم سخت ہو جاتا ہے، اسی طرح جب ایک درخت کی نشونما ہوتی ہے تو وہ نرم اور سخت بن جاتا ہے لیکن جب وہ سُوکھتا ہے تو وہ مرجاتا ہے۔‘

عرفان خان کے بیٹے نے لکھا کہ ’سختی اور طاقت تو موت کے ساتھ ہے جبکہ پاکیزگی اور نرم مزاج انسان کے وجود کی تازگی کی پہچان ہوتی ہے لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ جو انسان اپنی زندگی میں سخت مزاجی کا مظاہرہ کرتا ہے وہ کبھی جیت نہیں سکتا ہے۔‘

بابیل خان نے روسی فلمساز کا قول شیئر کرنے کے بعد اپنے والد کے ہمراہ کچھ حسین لمحات کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج سے تین سال قبل میرے ایک امتحان کے لیے آپ نے مجھے فلم ’اسٹارکر‘ دکھائی تھی، ہم نے وہ فلم ساتھ بیٹھ کر دیکھی تھی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں اب ابھی وہ فلم دیکھ رہا ہوں اور بالکل ویسے ہی دیکھتا ہوں جیسے آپ مجھے روک روک کر دِکھاتے تھے اور پھر مجھے فلم سے متعلق اہم باتیں سیکھاتے تھے۔‘

عرفان خان کے بیٹے نے جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ’ پہلے آپ مجھے سیکھاتے تھے لیکن اب میں خود اپنی ذات کو سیکھا رہا ہوں۔‘

واضح رہے کہ رواں سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔

تازہ ترین