• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل 11 جماعتوں کو ڈکیتوں کی رانی لیڈ کر رہی تھی: خرم شیر زمان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان کہتے ہیں کہ کل 11 سیاسی جماعتوں نے مل کر جلسہ کیا، ان کو لیڈ ڈکیتوں کی رانی کر رہی تھی۔

انصاف ہاؤس کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ یہ 50 سال سے اقتدار میں رہنے والی جماعتیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس کی وباء سے گھبرائی ہوئی ہے، حالات خراب ہیں، کاروبار تباہ ہیں، پاکستان میں یہ لوگ تماشہ لگائے ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ 500 ارب کے قرضے واپس کر دیئے گئے ہیں، ملک میں 17 فیصد ٹیکس کلیکشن میں بہتری ہوئی ہے، وزیرِ اعظم ہاؤس کے اخراجات کو کم کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب لگژری کاریں نہیں خریدی جاتیں، کل ان کی ناکامی کو پوری قوم نے دیکھا، جب مریم یہاں آئیں تو بلاول سے پوچھیں کہ 12 سال میں سندھ کو کیا دیا ہے۔

خرم شیر زمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 10 کروڑ روپے کراچی میں بینرز پر خرچ کیئے گئے ہیں، عوام کے پیسے کو لوٹ کر جلسہ کیا جا رہا ہے، پیٹ پھاڑ کر سڑکوں پر گھسیٹنے والے آج دوست بن چکے ہیں۔


اس موقع پر پی ٹی آئی رہنا حلیم عادل شیخ نے کہا کہ علی بابا بیچ میں اور چالیس چور آس پاس بیٹھے تھے، ہمارا کپتان سلیکٹڈ ہے، اللّٰہ تعالیٰ نے اسے پاکستان کے لیے سلیکٹ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو وفاق کی جماعتیں تھیں، وہ اب علاقوں کی جماعتیں بن چکی ہیں، جن میں سے ایک سندھ کارڈ، ایک پنجابی کارڈ اور ایک مذہبی کارڈ کھیل رہا ہے۔

تازہ ترین