• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل ٹی 20: ناردرن کو شکست، سدرن پنجاب فائنل میں پہنچ گئی

نیشنل ٹی 20 کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 7 وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن ناردرن نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 160رنز بنائے اور 161رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

ناردرن کی طرف سے اوپنر علی عمران نے نصف سنچری اور شاداب خان نے ناقابل شکست 48 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔

سدرن پنجاب کے زاہد محمود نے 4 اوورز میں 28 رنز عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔


ہدف کے تعاقب میں کپتان شان مسعود اور ذیشان اشرف پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 91 رنز کی شاندار پارٹنرشپ کے ذریعے ٹیم کی فتح کو آسان کردیا۔

ذیشان اشرف 32 گیندوں پر 55 رنز بنائے، انہوں نے اننگز کے دوران 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے ان کو محمد موسیٰ نے پویلین کی راہ دکھائی۔

سدرن پنجاب کو گزشتہ روز اپنی شاندار پرفارمنس سے سیمی فائنل تک پہنچانے والے صہیب مقصود اہم میچ میں 16رنز ہی بناسکے، انہیں شاداب خان نے میدان بدر کیا۔

تھوڑی دیر بعد سدرن پنجاب کی اہم وکٹ بھی گرگئی، ایونٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والےخوشدل 1 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بن گئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود کپتان شان مسعود نے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، انہوں نے اس دوران 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

سیمی فائنل میں کامیاب کے ساتھ ہی سدرن پنجاب فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

تازہ ترین