• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صہیب مقصود اور عامر یامین نے سدرن پنجاب کو فائنل فور میں پہنچادیا

نیشنل ٹی 20 کپ کے30ویں میچ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔

بلوچستان کے 162رنز کے ہدف کو سدرن پنجاب نے حیرت انگیز طور پر 11ویں اوور میں حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

میچ کے اختتام پر نیشنل ٹی 20 کپ میں سیمی فائنل کھیلنے والی چاروں ٹیمیں سندھ، ناردرن، خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کے نام فائنل ہوگئے۔

ایونٹ کے 30ویں میچ میں صہیب مقصود نے صرف 29 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔


راولپنڈی میں کھیلے گئے لیگ مرحلے کے آخری میچ میں بلوچستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 161 رنز بنائے۔

بلوچستان کی طرف سے امام الحق نے 48، وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللّٰہ خان نے 41، اکبر الرحمٰن نے 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔

سدرن پنجاب کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے ہدف 12 اعشاریہ 3 اوورز میں پورا کرنا تھا لیکن اس نے ہدف 10 اعشاریہ 4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔

صہیب مقصود نے 29 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز 4 چھکوں اور 13 چوکوں سے مزین تھی، انہیں تاج ولی نے میدان بدر کیا۔

عامر یامین نے 9 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے 4 بلند و بالا چھکے اور 1چوکا لگایا، یوں سدرن پنجاب فائنل فور میں شامل ہونے میں کامیاب رہا۔

تازہ ترین