• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ چند ہفتوں میں عوام کو اچھی خبریں ملیں گی، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازکا کہنا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں عوام کو اچھی خبریں ملیں گی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ اکھٹا ہوا ہے جن کا مقصد پاکستان کو پیچھے دھکیلنا اور ملک میں انتشار پھیلانا ہے، یہ عناصر اپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں، یہ جنگ دو طبقات کی جنگ ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ان لیڈرز نے ذاتی مفادات کے لیے ملک کے وسائل کو لوٹا اور اداروں کو مفلوج کیا، ملک میں جتنے بھی ادارے تھےاُن کو بتدریج تباہ کیا گیا، 2018 کے الیکشن میں عوام نے ان عناصر کو مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں ایک ارب سے کم کی رقم کامعاملہ کرپشن میں نہ شمار کیاجائے، ماضی میں قرضوں کے انبار نے ملک کو پیچھے دھکیل دیا، مولاناصاحب سمجھ نہیں رہے، انہوں نے رٹ لگائی ہےکہ اسمبلی جعلی ہے، اگر اسمبلی جعلی ہے تو اس میں آپ کا بیٹا کیوں موجود ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف قانون پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی، اپوزیشن کو عوام نے مسترد کردیا ہے، یہ والدین کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے چوری بھی کی ہے اور سینہ زوری بھی کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ ہم مانتے ہیں مہنگائی ہے، اس وقت پوری دنیا کورونا وباء سے متاثر ہے، یہ حکومت پر دباو ڈالنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، مزار قائد پر انہوں نے ہلڑ بازی کی اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے مزار قائد کی حرمت کو ٹھیس پہنچائی۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ فضل الرحمان طویل عرصہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے اس کاز کے لیے انہوں نے کیا کیا،سی پیک کسی پارٹی کا نہیں بلکہ پاکستان کا پراجیکٹ ہے، اس کو سیاسی پراجیکٹ بنادیا گیا تھا، سی پیک کو لیڈ کرنے والا حکومت پاکستان کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی جلسوں سے خوفزدہ نہیں ہے، آئندہ چند ہفتوں میں عوام کو اچھی خبریں ملیں گی، یہ کاروباری لوگ تھے انہوں نے اپنی سہولت کے مطابق نظام چلایا، نواز شریف کو ملک واپس آکر جواب دینے چاہئیں جبکہ نوسرباز خود کو بیمار بنا کر ملک سے باہر چلا گیا۔

شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نواز شریف قانون سے بالاتر نہیں ہیں، انہیں واپس لاکر عام جیل میں ڈالیں گے، اُن کی واپسی کے لیے حکومت اقدامات کرے گی۔

تازہ ترین