• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاون کی منتقلی کیلئے کمبوڈیا حکومت نے پرمٹ جاری کردیا

اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں موجود سب سے پرانے ہاتھی ’کاون‘ کی منتقلی کیلئے کمبوڈیا حکومت نے پرمٹ جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پرمٹ سے متعلق تفصیلات جمع کردی گئی ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چڑیا گھر سے کاون ہاتھی کی منتقلی کیلئے کمبوڈیا حکومت نے پرمٹ جاری کردیا۔

رپورٹ کے مطابق کمبوڈیا حکومت کا جاری پرمٹ 9 اپریل 2021 تک قابل استعمال تصور ہوگا، کمبوڈیا حکومت کاپرمٹ بین الاقوامی ایکسپرٹ ڈاکٹر عامر خلیل کے نام پرجاری کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کاون کو آئندہ ایک ماہ کے اندر کمبوڈیا منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مرغزار چڑیا گھر سے واحد ہاتھی کاون اور دوسرے جانوروں کی محفوظ مقام پر عدم منتقلی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے سہولیات کی عدم فراہمی پر کاون ہاتھی کو بیرون ملک منتقلی کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے چڑیا گھرکے بیمار، تنہا اور عدم توجہی کے شکار ہاتھی کو کمبوڈیا کے جنگل میں آزاد کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ انسان کا کام کمزور پر جبر کرنا نہیں اس کی مدد کرنا ہے۔

مذکورہ ہاتھی بین الاقوامی این جی اوز اور دیگر انجمنوں کا مرکز نگاہ اس وقت بنا جب ذہنی بیماری کی وجہ سے ہاتھی کو لوہے کی زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا تھا جس کے بعد ایک مہم میں چار لاکھ افراد نے دستخطی مہم میں حصہ لیا تھا۔

تازہ ترین