• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرانے شادی شدہ جوڑوں کی شکلیں کیوں ملنے لگتی ہیں؟

سائنس دانوں نے تحقیق کی ہے کہ شادی کے کافی سال ساتھ رہنے کے بعد شادی شدہ جوڑوں کی شکلیں ایک دوسرے سے کیوں ملنے لگتی ہیں جیسے وہ آپس میں سگے بہن بھائی ہوں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 1987 میں کی جانے والی ایک نفسیاتی تحقیق میں مشہور نفسیات داں رابرٹ زاہونک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی شدہ جوڑے جن کی شادی کو 25 سال یا اُس سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہوتا ہے، اُن میں شوہر اور بیوی کی شکلیں ایک دوسرے سے ملنے لگتی ہیں۔

اُن کا خیال تھا کہ شاید اتنے طویل عرصے تک ایک ساتھ رہنے کی وجہ سے میاں بیوی لاشعوری طور پر ایک دوسرے کی عادتیں اختیار کرلیتے ہیں جس کے نتیجے میں اُن کے چہرے کے تاثرات، اور بالآخر نقوش بھی ایک دوسرے سے ملنے لگتے ہیں۔

تاہم یہ تحقیق اطمینان بخش نہیں تھی کیونکہ اس میں صرف 12 جوڑوں کا مطالعہ کیا گیا تھا، جس میں ان کی شادی کے وقت اور شادی کے 25 سال بعد والی تصاویر استعمال کی گئی تھیں۔

اسٹینفرڈ یونیورسٹی میں تھائی لینڈ سے آئے ہوئے پی ایچ ڈی اسکالر ’پن پن ٹی میکورن‘ اور ان کے ساتھیوں نے یہی تحقیق ایک بار پھر کی ہے اور ثابت کیا ہے کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا۔

نئے مطالعے میں انہوں نے آن لائن پبلک ڈیٹابیسز سے 517 شادی شدہ جوڑوں کی تصویریں حاصل کیں جو اُن کی شادی کے فوراً بعد سے لے کر 20 تا 69 سال بعد تک کھینچی گئی تھیں۔

تصویروں میں میاں بیوی کے چہروں میں شباہت کا تجزیہ کرنے کےلیے انہوں نے 153 رضاکاروں کی آن لائن خدمات حاصل کیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ انسانی چہرے شناخت کرنے والا جدید الگورتھم ’وی جی جی فیس ٹو‘ (VGGFace2) بھی استعمال کیا۔

تحقیق کے اختتام پر معلوم ہوا کہ نہ صرف چہرہ شناس الگورتھم بلکہ انسانوں نے بھی ان تمام تصویروں کو دیکھ کر یہی بتایا کہ میاں بیوی کے چہرے شادی کے وقت ایک دوسرے سے جتنے مختلف تھے، لمبا عرصہ گزرنے کے بعد بھی وہ آپس میں اس قدر ہی مختلف رہے۔

اس کے برعکس بعض رضاکاروں نے تصویریں دیکھ کر یہ خیال ظاہر کیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میاں بیوی کی شکلیں ایک دوسرے سے ملنے کے بجائے مختلف ہوگئیں۔

پی ایچ ڈی اسکالر پن پن ٹی اور ان کی ریسرچ ٹیم نے یہی نتیجہ اخذ کیا ہے کہ پرانے شادی شدہ جوڑوں کی شکلیں ایک جیسی نظر آنے میں یا تو ہماری اپنی نظر اور سوچ کا قصور ہوتا ہے یا پھر میاں بیوی آپس میں قریبی رشتہ دار ہوتے ہیں۔

تازہ ترین