• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان یو این امن مشنز کا سب سے بڑا حصہ دار ہے، شاہ محمود قریشی

وزارت خارجہ اسلام آباد میں اقوام متحدہ (یو این) کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان یو این امن مشنز کا سب سے بڑا حصے دار ہے اور پاکستان 30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کا مقصد انسانی حقوق کا تحفظ ہے، پاکستان عالمی سطح پر بنیادی حقوق سے محروم افراد کی اخلاقی، سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔


وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، پاکستان دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی متعدد امن مشنز کا حصہ ہے اور اس حوالے سے فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، وہ کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو ظالمانہ انداز میں کچل رہا ہے، پاکستان کو بھارتی مظالم پر شدید تشویش ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ یو این سکیورٹی کونسل مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔

انہوں نے کہا کہ انتہاپسندانہ ہندو نظریے کی پیروکار نریندر مودی حکومت علاقائی امن کے لئے خطرہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس اور ٹڈی دل جیسی آفات کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔

تازہ ترین