• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نا پسندیدہ سبزی پھول گوبھی کے بےشمار فوائد

پھول گوبھی ایک ایسی قدرتی غذا ہے جو ہمارے جسم کو متعدد بیماریوں کے خلاف مضبوط بناتی ہے، اس سے دل کے مختلف امراض کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

گوبھی ہمارے جسم کو بیماریوں کے خلاف مضبوط بناتی ہے، خاص طور پر سردیوں کے موسم میں یا ان دنوں میں جب موسم بدل رہا ہو۔ اس ضمن میں چھوٹی جسامت والی ایک گوبھی (ڈنٹھل اور پتوں سمیت) مفید رہتی ہے جسے ہفتے میں 3 سے 4 مرتبہ کھایا جاسکتا ہے۔

گوبھی کو اکثر نظر انداز کردہ سبزی بھی کہا جاتا ہے لیکن قدرت کا یہ عظیم تحفہ معجزاتی خواص سے بھرپور ہے۔


گوبھی میں موجود فائٹو کیمیکلز، اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامن، کیروٹونوئیڈز، فائبر اور دیگر فینولک مرکبات دماغی امراض ، کینسر، امراضِ قلب اور موٹاپے کو روکنے میں مددگار ہوتے ہیں۔

تحقیق سے یہ بھی دریافت ہوچکا ہے کہ پھول گوبھی میں کینسر سمیت کئی بیماریوں سے بچانے کی خداداد صلاحیت موجود ہے۔ درمیانی جسامت کی ایک پھول گوبھی میں کینو سے زیادہ وٹامن سی، وافر مقدار میں وٹامن کے، بی ٹا کیروٹین کی شکل میں وٹامن اے، کئی اقسام کے وٹامن بی، فائبر، فائٹو کیمیکلز اور اہم غذائی معدنیات بھی موجود ہوتے ہیں۔

گوبھی میں 29 کیلوریز، صفر کے برابر شکر اور چکنائی، وٹامن سی کی روزانہ کی بنیاد پر 73 فیصد مقدار، فولیٹ، پینٹوتھونک ایسڈ، وٹام بی 6، کولائن، فائبر، اومیگا تھیر فیٹی ایسڈز اور وٹامنز موجود ہیں۔

جلد کی تازگی:

جلد کی تازگی اور شادابی کے لیے بھی روزانہ گوبھی کھانا زبردست فائدہ مند ہے کیونکہ اس میں وہ سارے اہم وٹامن پائے جاتے ہیں جو ہماری جلد کو نہ صرف کیلوں اور مہاسوں سے بچاتے ہیں بلکہ جلد کے خلیات کو بھی صحت مند رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

نظر بہتر بنانے میں معاون:

گوبھی میں شامل اجزاء ہماری آنکھوں کو محفوظ بنانے کے علاوہ نظر بہتر بنانے میں بھی معاون ہوتے ہیں جب کہ اس میں شامل وٹامن سی، سلفر اور کچھ امائنو ایسڈز ایسے بھی ہیں جو ہمارے جسم میں بننے والے مختلف زہریلے مادوں کے مضر اثرات زائل کرتے ہیں۔

ذہنی دباؤ کو دور کرے:

اگر آپ اعصابی تناؤ یا ذہنی دباؤ کا شکار ہیں تو کچی گوبھی آپ کے لیے بہترین دوا ہے جب کہ یہ ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور دماغ کو تقویت پہنچانے کے ساتھ ساتھ حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے۔

تازہ ترین