بیر ایک مزیدار پھل ہے اور صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے، یہ ایک بھرپور غذائیت والا پھل ہے جو پروٹین، وٹامن، کیلشیئم، کاربوہائڈریٹ، سوڈیم اور میگنیشیم سے مالا مال ہے۔
بیر میں آئرن اور فاسفورس بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو جسم میں خون کی گردش کو بڑھاتا ہے اور آئرن کی کمی کو دور کرتا ہے۔
بیر کی زیادہ تر پیداوار جنوبی ایشیاء میں ہی ہوتی ہے اور اس کا منفرد کھٹا میٹھا ذائقہ اور مختلف رنگ ہوسکتے ہیں۔
عام طور پر بیر کو دو اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے، ایک کو جنگلی اور دوسرے کو باغی کہتے ہیں۔
بیر کے طبی فوائد:
پرانی قبض سے نجات:
قبض کا شکار افراد کیلئے بیر اچھا علاج ثابت ہوسکتا ہے۔ دیرینہ قبض ایسا مرض ہوتا ہے جس کے بارے میں لوگ بات کرنے سے ہچکچاتے ہیں اور اس سے معدے کی صحت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔
مٹھی بھر بیر اس مسئلے سے نجات دلانے میں مدد دے سکتے ہیں، جس کی وجہ ان میں اعلیٰ معیار کی فائبر کی موجودگی ہے جو ہاضمے اور آنتوں کی سرگرمیوں کو بہتر کرتی ہے۔
ہڈیوں کو مضبوط بنائے:
بیر کا استعمال ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ کیلشیئم، فاسفورس اور آئرن جیسے اجزا ہڈیوں کی مضبوطی بہتر کرتے ہیں، ہڈیوں کی کمزوری کے شکار فرد اس پھل کو کھانا عادت بنائیں تو وہ بیماری کو شکست دے سکتے ہیں۔
ذہنی بے چینی دور کرنے میں معاون:
بیر دماغ اور اعصابی نظام کو سکون پہنچانے والا پھل ہے، جبکہ ذہنی بے چینی میں بھی کمی لاتا ہے۔ اس کے اثرات ہارمونز کی سطح پر کام کرکے ذہن اور جسم کو سکون بخشتے ہیں۔
اچھی نیند میں معاون:
بیر کو روایتی چینی ادویات میں نیند کے مسائل جیسے بے خوابی کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ پھل اور اس کا بیج فلیونوئڈز، صابونین اور پولی سیکرائیڈ سے بھرپور ہوتے ہیں، صابونین وہ جز ہے جو قدرتی نیند کے لیے مدد دیتا ہے، وہ پورے اعصابی نظام کو سکون پہنچا کر جلد سونے میں مدد دیتا ہے