سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور دھماکے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جاتا تو آج مکمل امن ہوتا۔
اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں پشاور میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کا خون بہانے والے ناقابل معافی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے منصوبہ سازوں کوعبرت کا نشانہ بنایا جائے۔آصف زرداری نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
سابق صدر آصف زرداری نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا بھی کی۔
واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع مدرسے میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 7 افراد شہید اور 112 زخمی ہو گئے۔
مسجد کے مرکزی ہال میں دھماکے کے وقت مولانا رحیم اللّٰہ درس دے رہے تھے، درس میں ایک ہزار سے زائد مدرسے کے طلبا ءموجود تھے جبکہ پولیس حکام کے مطابق دھماکا ایک بیگ میں موجود ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے قبل ایک مشکوک شخص مسجد کے ہال میں داخل ہوا تھا، جس کے پاس ایک بیگ تھا جو اس نے ہال میں طلباء کے درمیان رکھ دیا تھا۔