• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کی دوسری لہر، سعودی وزارتِ داخلہ کا انتباہ

کورونا وائرس کی متوقع دوسری لہر کے حوالے سے سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے انتباہ جاری کر دیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے جاری کیئے گئے انتباہ میں کہا ہے کہ مملکت کی مارکیٹوں اور دکانوں میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سعودی وزارتِ داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے پر 10 ہزار ریال جرمانہ اور دکان کو 3 سے 6 ماہ کے لیے سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 24 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 5 ہزار 363 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار 482 تک جا پہنچی ہے۔

سعودی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں 8 ہزار 114 کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں جن میں سے 776 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 33 ہزار 5 کورونا مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔


دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 53 لاکھ 60 ہزار 582 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 11 لاکھ 86 ہزار 609 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 11 لاکھ 70 ہزار 279 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 82 ہزار 270 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 کروڑ 30 لاکھ 3 ہزار 694 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین