• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر نے ایاز صادق کے الفاظ حذف کیوں نہیں کرائے؟، رانا ثناء


مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کہتے ہیں کہ ایاز صادق جب قومی اسمبلی میں بیان دے رہے تھے تو کیا اسپیکر اور حکومتی ارکان سو رہے تھے؟ اسپیکر نے ایاز صادق کے الفاظ کارروائی سے حذف کیوں نہیں کرائے؟

لاہور میں انسدادِ منشیات کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ نون پنجاب رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ حکومت کے ترجمان اپوزیشن کو گالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے، وزیرِ اعظم عمران خان اپوزیشن کو گالیاں دینے والے ارکان کی تعریف کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتقام اور نفرت میں غرق ٹولہ ملک پر مسلط ہے، نا اہل اور نالائق ٹولہ سوائے انتقامی سیاست کے کچھ اور نہیں کر رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کے بیانات بھارتی بیانیے سے منسوب کرنے کے سوا کوئی کام نہیں، آٹا، چینی اور بجلی کی قیمتوں کی مد میں عوام کو اربوں روپے زیادہ دینا پڑ رہے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ حکومتی فیصلے بر وقت نہ ہوئے جس کی وجہ سے بوجھ عوام پر پڑا، کابینہ ارکان خود بتا رہے ہیں کہ پانچ پانچ گھنٹے کی میٹنگ ہوتی ہے، ایجنڈا کچھ ہوتا ہے اور وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کی گئی بات کہیں چیلنج نہیں ہو سکتی، ضروریاتِ زندگی کی دیگر اشیاء کی قیمتوں سے متعلق بھی عوام کے اربوں روپے پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

صدر مسلم لیگ نون پنجاب نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اجلاس کی کارروائی نواز شریف پر تنقید سے شروع کرتے ہیں، انہوں نے آئی جی جیل کو بلا کر دھمکی دی کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوئی سہولت نہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو انتقامی کارروائی کے سوا کوئی کام نہیں، انتقام کی آگ گلی محلوں تک پھیل گئی تو حالات کسی کے قابو میں نہیں ہوں گے۔


انہوں نے کہا کہ ملک کو انارکی کی طرف لے جایا جا رہا ہے، بھارتی میڈیا جب فواد چوہدری کا بیان اٹھائے گا تو پھر حکومت کو خاموش بیٹھنا ہو گا۔

صدر مسلم لیگ نون پنجاب رانا ثناء اللّٰہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اس نفرت اور انتقام کی سیاست کے سامنے دیوار بنے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شریف فیملی میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں، مریم نواز اپنے چچا میاں شہباز شریف سے ملنے جیل جا رہی ہیں۔

تازہ ترین