• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کی وجہ سے گندم کی سپلائی چین متاثر ہوئی، شبلی فراز


وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی وجہ سے گندم کی سپلائی چین متاثر ہوئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ سندھ حکومت نے گندم ریلیز نہ کرکے سندھ کے عوام کو مہنگی گندم خریدنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ مفلوج کیے گئے ادارے اور مہنگائی کو ٹھیک کررہے ہیں، کوشش ہے کہ مہنگائی کا جلد از جلد تدارک کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم حکومت میں عوام کی وجہ سے ہیں، کیسے ہوسکتا ہے کہ ہمیں ان کی تکالیف کا احساس نہ ہو۔


ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ معاشی سرگرمیوں کو مزید بہتر کرنے کے لیے سہولتیں دی جائیں، تعمیراتی صنعت میں تیزی سے سیمنٹ کی فروخت بڑھ گئی۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں ایسے معاہدے کیے گئے جس سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہوئی، برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ اور ٹیکسٹائل انڈسٹری میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نہ سبزیاں اگاتی ہے نہ بیچتی ہے، صرف سپلائی چین میں سہولت دے سکتے ہیں، سندھ حکومت نے گندم ریلیز نہیں کی یہ ذخیرہ اندوزی نہیں تو اور کیا ہے؟

وفاقی وزیر نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے حالات آپ کے علم میں ہیں اور وہ عوام کو ورغلانے گلگت بلتستان گئے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ ہم نے یہ نہیں کہا کہ دالیں مہنگی ہوگئی ہیں تو چکن کھائیں، جو ان کے وزیر نے کہا تھا۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ شوگر ملز میں ٹیکس والوں کے لیے ایک کھاتہ اور دوسری جگہ مختلف ہے، حکومت کو جو ریکارڈ ملتا ہے، اس کے مطابق فیصلے کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سسٹم لارہے ہیں کہ پتا چلتا رہے کہ کس مل کے پاس کتنی چینی اور گندم کا اسٹاک ہے، جو چینی درآمد کی ہے وہ پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔

تازہ ترین