کسی بھی گھر پر پہلی نگاہ اس کے بیرونی حصے (Exterior)پر ہی پڑتی ہے۔ گھر کا اندرونی حصہ چاہے کتنا ہی عالیشان، خوبصورت اور دلکش کیوں نہ بنایا گیا ہو، وہ گھر کی قدر وقیمت میں اضافے کا باعث اس وقت تک نہیں بن سکتا جب تک بیرونی حصے پر مناسب توجہ نہ دی جائے۔ گھر کے بیرونی حصے کا ڈیزائن اور دیواروں پر کیا گیا رنگ وروغن جتنا جدید وضع کا حامل اور تخیل سے ہم آہنگ ہوگا، اتنا ہی یہ دوسروں کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کے مکان کی قیمت میں بھی اضافہ کرے گا۔
آج کی تحریر میں ہم گھر کے بیرونی حصے کے لیے بہترین رنگوں کے انتخاب اور کچھ ایسے آئیڈیاز پر بات کریں گے جو عام تخیلات اور سوچ کی حدود سے باہر ہیں۔
رنگوں کا امتزاج اہم کیوں؟
گھر کے بیرونی حصے کی ڈیزائننگ کو جدت سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہلکے اور گہرے رنگوں کا ملاپ بہترین ثابت ہوتا ہے اور یہ ٹرینڈ بھی ہے۔ ایکسٹیریئر میں رنگوں کے امتزاج کی اہمیت کے حوالے سے برطانیہ کے مشہور انٹیریئر ڈیزائنر شرون ولیم کہتے ہیں،’’دو رنگوں کا انتخاب گھر کے بیرونی حصے کو منفرد طرز بخشتا ہے، یوں سمجھ لیں کہ گہرے اور ہلکے رنگ کو ملا کر آپ بیرونی حصے میں داخلے کے لیے ایک جدید وضع قائم کرسکتے ہیں‘‘۔ گہرے اور ہلکے رنگوں کے امتزاج کی بات کریں تو گھر کے بیرونی حصے کےلیے دستیاب رنگوں کی ایک طویل فہرست ہے، تاہم انتخاب کے وقت زیادہ تر افراد اپنی ذاتی سوچ، تخیل یا روایت کی پیروی کرتے نظر آتے ہیں۔
رنگوں کے حوالے سے تجاویز
ایک مکمل، خامیوں سے پاک اور جداگانہ نظر آنے والا ایکسٹیریئر ترتیب دینے کے لیے منتخب کیے گئے رنگوں کا آپس میں مربوط ہونا ضروری ہے۔ اگرچہ گھر کے بیرونی حصے کے لیے رنگوں کا انتخاب وہاں کے ڈیزائن اور دوران تعمیر استعمال کیے جانے والے مواد پر منحصر ہوتا ہے مگر منتخب کردہ رنگوں میں ہم آہنگی پیدا کرکے بھی آپ اپنے مکان کا ایک منفرد تاثر بآسانی قائم کرسکتے ہیں۔ گھر کے بیرونی حصے میں رنگ و روغن کے حوالے سے ذیل میں چند تجاویز دی جارہی ہیں۔
٭ گہرے سرمئی اور گہرے سیاہ رنگ کا امتزاج گہرےسرمئی اور گہرے نیلے رنگ کی چھت سے بہتر نظر آتا ہے۔
٭ براؤن یا کریم رنگ کا انتخاب ، براؤن یا ٹین ( کتھئی رنگ کی قسم)سےکہیں زیادہ خوبصورت معلوم ہوتا ہے۔
٭ گرین ہاؤس کنسٹرکشن (ماحول دوست تعمیرات) میں بیرونی حصے کے لیے رنگوں کا انتخاب لچکدار ہوسکتا ہے ۔
٭ اگر آپ کے گھر کی چھت مکمل طور پر اچھی حالت میں ہے تو آپ بلا جھجھک اس پر ایک ہی رنگ کروانے پر غور کرسکتے ہیں لیکن اگر چھت کا کوئی حصہ زیادہ خراب ہورہا تو پھر دو رنگوں کا امتزاج زیادہ بہتر رہے گا۔
٭ ایسے رنگوں یا ڈیزائن کا انتخاب کیجیے جو قدرتی طور پر باہم مربوط محسوس ہوں۔
٭ گھر کے بیرونی حصے کی تزئین نو یا تزئین و آرائش کے لیے مواد کے معیار اور اسٹائل پر خاص توجہ دی جانی چاہیے۔ اس بارے میں تعمیراتی ماہرین سے مشورہ کرنا بھی مفید ثابت ہوگا۔
اب گھر کے بیرونی حصے کے لیے ان رنگوں کی بات کرتے ہیں جنہیں ماہرین کی جانب سے بالخصوص یا بطور ٹرینڈ منتخب کیا جاتا ہے۔
سرمئی رنگ
پہاڑی علاقوں میں تعمیر کروائے جانے والے گھروں کے بیرونی حصے کے لیے تعمیراتی ماہرین مکمل طور پر گہرا سرمئی رنگ کروانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ اوپر سے نیچے تک یکساں گہرا سرمئی رنگ (سلیٹی رنگ) گھروں کوجداگانہ اندازبخشتاہے اور انہیں باہر سے ہر ایک کی توجہ کا مرکز بنادیتا ہے ۔
سیاہ رنگ
چھت کو مکمل طور پریکساں دیکھنے کے خواہشمند افراد کےلیے ایک بہترین انتخاب سیاہ رنگ ہے۔ اس رنگ کا انتخاب کولونیل طرزتعمیر پر مبنی گھروں کے لیےمنفرد اور جداگانہ تصور کیا جاتا ہے۔ سیاہ رنگ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ سیاہ ایکسٹیریئر والے گھرگذشتہ کچھ برسوں سے پنٹریسٹ اور انسٹاگرام پر بھی کافی دکھائی دے رہے ہیں اور ایسا لگتاہے کہ کافی لوگ اس رحجان کو اپنا رہے ہیں۔ تاہم، واضح رہے کہ سیاہ ایکسٹیریئر کے ساتھ کھڑکیوں اور بیرونی دروازے پر سفید رنگ کا امتزاج ٹرینڈ کا حصہ ہے۔
کلاسک کلرز پیلٹ
کلاسک کلرز پیلٹ سے مراد ایسے دو رنگوں کا مجموعہ ہے، جو گھر کو کلاسک ٹچ دینے کے علاوہ اس کے بیرونی حصے کو کشادہ اور دلکش بھی بنائیں۔ اس ٹرینڈکے تحت ایکسٹیریئر کے لیے دو غیر جانبدارانہ رنگوں کے استعمال کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر سفید کے ساتھ سرمئی رنگ کا امتزاج پورے ماحول کو ایک خاص انداز فراہم کرے گا۔ اسی طرح سرمئی رنگ کے ساتھ نیلے رنگ کا امتزاج بھی پرسکون اور متاثر کن انتخاب ثابت ہوتاہے۔
ملٹی کلر کا انتخاب
روایت سے ہٹ کر کچھ مختلف طرز اپناتے ہوئے ایکسٹیریئرکے لیے کلرز پیلٹ میں ایک سے زائد رنگوں کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ بیرونی حصے میں چھت کے لیے دو رنگوں کے امتزاج کے ساتھ سائیڈنگ کلرزکا اضافہ بھی بہترین رہے گا۔ ملٹی کلر کے طور پر کسی بھی رنگ کا اضافہ محتاط ہوکر کریں مثلاًسیاہ اور اور کتھئی چھت کے ساتھ نچلے حصے میں سفید رنگ جبکہ سیاہ اور سرمئی چھت کے لیے ساتھ ہلکے سبز رنگ کا انتخاب کرنا بہتر ہے۔