• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو پیکیج نہیں حق چاہیئے، مصطفیٰ کمال

پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ پاک سر زمین پارٹی کل تن تنہا بغیر سرکاری وسائل جلسہ کرے گی، کراچی کو پیکیج نہیں حق چاہیئے۔

کراچی کے باغِ جناح میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک میں عوام کے نام پر پوائنٹ اسکورنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں طرف کی سیاسی جماعتوں نے عوام کو مایوس کر دیا ہے، جتنی مایوسی آج ہے، پاکستان میں پہلے کبھی اتنی مایوسی نہیں تھی، کراچی والے کل بتا دیں گے کہ یہ شہر سیاسی شہہ رگ بھی ہے، کراچی اور سندھ کی تباہی کے ذمے داروں کا کل یومِ احتساب ہوگا۔

چیئرمین پی ایس پی کا کہنا ہے کہ ہماری پارٹی نے کوئی یوٹر ن نہیں لیا، ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں، کبھی جھوٹ بولا نہ یوٹرن لیا، جو جھوٹ بولتے ہیں انہیں یوٹرن لینا پڑتا ہے، کل بتائیں گے پاکستان کولوٹنےوالا اوراس حال تک پہنچانےوالا کون ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت بچانے میں اور اپوزیشن حکومت کو گرانے میں لگی ہے، حکومت اور اپوزیشن نے عوام کو مایوس کر دیا ہے، ان دونوں کی لڑائی میں عوام پس رہے ہیں، کراچی میں بارش کے بعد 1100 ارب کا لولی پاپ دیا گیا، یہ کھیل اب بند کریں گے۔


مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کل کے جلسے میں پاکستان کے مستقبل کی بات ہو گی، پونے 3 ہزار ارب دینے والے کراچی کو پیکیج نہیں حق چاہیئے، ہم پاکستان کو پیکیج دیتے ہیں ہمیں کون پیکیج دے گا، کل سے کراچی پاکستان کو لیڈ کرے گا، کراچی والے کل بتا دیں گے کہ کراچی ملک کی شہہ رگ بھی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایس پی پاکستان کے عوام کا کیس لڑنے جا رہی ہے، ہم بتائیں گے کہ تبدیلی کیا ہوتی ہے، اگر ہماری بات نہیں سنی گئی تو سیاست نہیں بچے گی، دنیا میں سب سے بدترین ٹرانسپورٹ نظام کراچی کا ڈکلیئر ہوا ہے، میرے زمانے میں کراچی تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا۔

تازہ ترین