ٹرمپ حکومت کی سابق عہدیدار اسٹیفنی ووک آف نے دعویٰ کیا ہے کہ میلانیا شدت سے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کی منتظر ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے ساتھ ہی میلانیا طلاق لے لیں گی۔
سابق حکومتی عہدیدار اسٹیفنی ووک آف کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن ہارنے کے ساتھ ہی اپنی بیوی کھونے کا بھی صدمہ برداشت کرنا پڑے گا کیونکہ میلانیا ٹرمپ اپنے شوہر سے جلد طلاق لینے جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی ٹرمپ امریکی صدارت چھوڑ کر وائٹ ہاؤس سے رخصت ہوجائیں گے تو اسی وقت میلانیا بھی ٹرمپ سے علیحدگی اختیار کرلیں گی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میلانیا وائٹ ہاؤس سے رخصت ہونے کا شدت سے انتظار کر رہی ہیں، اس سے قبل بھی 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے غیرمتوقع طور پر الیکشن جیتنے پر میلانیا پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی تھیں کیونکہ میلانیا کو یقین ہی نہیں تھا کہ اُن کے شوہر ٹرمپ انتخابات میں فتحیاب ہوں گے۔
اسٹیفنی نے بتایا کہ انتخابات میں کامیابی کے 5 ماہ بعد تک میلانیا وائٹ ہاؤس شفٹ نہیں ہوئی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا کے وائٹ ہاؤس میں بھی الگ الگ بیڈ رومز ہیں کیونکہ ان کی شادی ایک سمجھوتے کے تحت چل رہی ہے اور اسی سمجھوتے کے تحت وہ الگ رہتے ہیں، لیکن دن میں اکٹھے ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں، ریاست پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہوگئی جبکہ اُن کے حریف ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔